ایپل چیٹ جی پی ٹی جیسا سرچ ٹول تیار کرنے میں مصروف

0
1

آئی فون اور آئی پیڈ کے صارفین کیلئے خوشخبری، ایپل چیٹ جی پی ٹی جیسا سرچ ٹول تیار کرنے میں مصروف ہے۔
دنیا کی معروف ٹیکنالوجی کمپنی ایپل کی جانب سے چیٹ جی پی ٹی جیسے سرچ ٹول پر کمپنی کے اندر کام کیا جا رہا ہے، جو صارفین کے سوالات پر فوری جوابات فراہم کرے گا۔
تازہ ترین رپورٹ کے مطابق ایپل کی آنسرز، نالج اینڈ انفارمیشن نامی ٹیم کی جانب سے اس آرٹی فیشل انٹیلی جنس ٹول پر کام کیا جا رہا ہے۔ایپل کی یہ ٹیم کمپنی کی ڈیوائسز کیلئے اے آئی پراڈکٹس کی تیاری پر کام کرتی ہے۔
رپورٹ کے مطابق ایپل کی جانب سے آنسر انجن نامی ٹول کو تیار کیا جا رہا ہے، جو آن لائن انفارمیشن اکٹھی کرکے صارفین کے سوالات کا جواب دے گا،ایسا بھی ممکن ہے کہ اس کیلئے ایک خودمختار ایپ تیار کی جائے۔اس اے آئی سرچ ٹول کو ایپل کے ڈیجیٹل اسسٹنٹ Siri، سپاٹ لائٹ اور سفاری ویب براؤزر کیلئے استعمال کیا جائے گا۔
آئی فون 16 سیریز کے ساتھ ایپل کی جانب سے ایپل انٹیلی جنس کو متعارف کروایا گیا ہے، مگر اب تک اس اے آئی ٹول کے حوالے سے کمپنی نے کچھ زیادہ اہم کام نہیں کیا۔اس وقت ایپل نے گوگل کے ساتھ 20 ارب ڈالرز سالانہ کا معاہدہ کر رکھا ہے، جس کے تحت ایپل ڈیوائسز میں گوگل کو ڈیفالٹ سرچ انجن کے طور پر پیش کیا جاتا ہے، تاہم ایک زیرسماعت مقدمے کے باعث خدشہ ہے کہ ایپل کمپنی اس معاہدے سے حاصل ہونیوالی آمدنی سے محروم ہو جائے گی، لہٰذا اے آئی پر مبنی نئے سرچ انجن سے کمپنی کو آن لائن سرچ اور اے آئی مارکیٹ میں قدم جمانے کا موقع ملے گا۔

Leave a reply