بحری جہاز پر تیز رفتار سے گاڑی چلانے کا نیا ریکارڈ قائم

بحری جہاز پر تیز رفتار سے گاڑی چلانے کا نیا ریکارڈ قائم،اٹلی کے ڈرائیور نے ایک بحری طیارہ بردار جہاز کے ڈیک پر گاڑی دوڑا کر دنیا کا تیز ترین سپیڈ ریکارڈ بنا ڈالا۔
ڈرائیور کا نام فابیو بارونے ہے، جنہوں نے اپنی سرخ اور سیاہ فراری SF90 پر یہ ریکارڈ بنایا۔انہوں نے 774 فٹ لمبے ڈیک پر ریس کے دوران 164 کلومیٹر فی گھنٹہ (101.9 میل فی گھنٹہ) کی رفتار حاصل کی اور بروقت بریک لگا کر خطرناک سکائی جمپ سے بچتے ہوئے گاڑی روک لی۔
اس سے قبل انہوں نے پچھلے سال 94.4 میل فی گھنٹہ کی رفتار کا ریکارڈ بنایا تھا۔دوڑ کے دوران ’’ٹاپ گن‘‘ کا تھیم سانگ بجایا گیا اور تماشائیوں میں نیول افسران، صحافی اور خصوصی بچے موجود تھے، جنہوں نے کار کا کور ہٹا کر دوڑ کا آغاز کیا۔
سرکاری ٹائم کیپر نے رفتار کے اعلان کے بعد اسے نیا ریکارڈ قرار دیا، جس پر حاضرین نے بھرپور تالیاں بجائیں۔
بارونے نے کہا کہ ریکارڈ توڑنے کے لمحے میں یکسوئی سب سے اہم تھی۔بارونے کی ٹیم اب اس کارنامے کو گنیز ورلڈ ریکارڈز کیلئے جمع کروائے گی۔