بلوچستان: پرنسز آف ہوپ کا مجسمہ کتنا قدیم ہے ؟

0
24

بلوچستان کے مشہورہنگول نیشنل پارک میں موجود پرنسزآف ہوپ کا مجسمہ سیاحوں کی توجہ کا مرکز بن گیا۔ یہ قدرت کے کرشموں میں سے ایک کرشمہ ہے، جو کہ کوسٹل ہائی وے کے ساتھ ہی واقع ہے ۔

یہاں سارا سال ملکی و غیر ملکی سیاحوں کا تانتا بندھا رہتا ہے۔ ہنگول نیشنل پارک میں واقع ‘پرنسز آف ہوپ ایک حیرت انگیز مجسمہ نما چٹان ہے، جس کی تاریخ کے بارے میں کوئی مصدقہ معلومات نہیں موجود، مگر کچھ لوگوں کا خیال ہے کہ یہ ایک قدرتی چٹان ہے، جبکہ کچھ لوگ سمجھتے ہیں کہ اسے قدیم زمانے میں انسانی ہاتھوں سے تراشا گیا ۔

پرنسز آف ہوپ کے آس پاس کے پہاڑوں کو دیکھ کر ایسا لگتا ہے کہ جیسے یہ کسی قدیم اورآثارِ قدیمہ کے کھنڈرات ہوں، لیکن اس بارے میں بھی ہمیں تاریخ کے اوراق میں کوئی مصدقہ بات نہیں ملتی ۔

یہی وجہ ہے کہ ہنگول نیشنل پارک کے ان کھنڈرات نما پہاڑوں اور ‘پرنسز آف ہوپ کے مجسمے کے بارے میں کئی طرح کی قیاس آرائیاں کی جاتی ہیں۔ بعض ماہرین کا خیال ہے کہ یہ کسی قدیم تہذیب کی باقیات ہیں ،جبکہ کچھ محققین کا کہنا ہے کہ ان پہاڑوں سے کبھی پانی گزرا کرتا تھا، جس نے ان پر ایسے نشانات چھوڑ دیے ہیں۔

آپ کو بتاتے چلیں کہ اس عورت کی شکل نما چٹان کو پرنسز آف ہوپ کا نام ہالی وڈ کی مشہور اداکارہ انجلینا جولی نے 2002میں اُس وقت دیا، جب وہ خاص طور پر اس علاقے کی سیر کیلئے پاکستان آئی تھیں۔

بلوچستان کی کوسٹل ہائی وے پر واقع ہنگول نیشنل پارک میں موجود پرنسز آف ہوپ کے مجسمے سے کچھ ہی دُور ایک اور مجسمہ نما چٹان بھی موجود ہے ،جسے ‘اسفنگس کہہ کر پکارا جاتا ہے، کیونکہ دُور سے دیکھنے پر اس چٹان کی تراش خراش کسی شیر جیسی دکھائی دیتی ہے۔

Leave a reply