بھارت کو شکست:فیلڈ مارشل عاصم منیر ،بلاول بھٹوودیگروزراء کو اعزازات سے نوازاگیا

معرکہ حق میں بھارت کو تاریخی شکست دینے پر فیلڈ مارشل عاصم منیرکوہلالِ جرات، ائیر چیف مارشل ظہیر احمد بابر سدھو کو ہلال امتیاز جبکہ وفاقی وزرا اور چیئرمین پیپلز پارٹی کو نشان امتیاز سے نوازا گیا۔
ایوانِ صدر اسلام آباد میں ایک باوقار تقریب کے دوران صدرِ مملکت آصف علی زرداری نےمعرکۂ حق میں بھارت کو شکست دینے پر سول و عسکری شخصیات کو اعلیٰ قومی اعزازات سے نوازا۔
فیلڈ مارشل اور چیف آف آرمی اسٹاف سید عاصم منیر کو بھارت کے خلاف معرکۂ حق میں پاک فوج کی قیادت اور مؤثر جنگی حکمت عملی پر ہلالِ جرات سے نوازا گیا، جبکہ ائیر چیف مارشل ظہیر احمد بابر سدھو کو ہلالِ امتیاز دیا گیا۔تقریب میں چیئرمین جوائنٹ چیفس آف اسٹاف کمیٹی جنرل ساحر شمشاد مرزا اور نیول چیف ایڈمرل نوید اشرف کو نشانِ امتیازدیاگیا۔
ڈی جی آئی ایس آئی لیفٹیننٹ جنرل عاصم ملک کو ستارۂ بسالت عطا کیا گیا۔ڈی جی ملٹری آپریشنز میجر جنرل کاشف عبداللہ، ایئر وائس مارشل محمد اورنگزیب اور رئیر ایڈمرل شہزاد حامد کو تمغۂ بسالت سے نوازا گیا۔
سول قیادت میں وزیر خارجہ اسحاق ڈار، وزیر قانون اعظم نذیر تارڑ، وزیر دفاع خواجہ آصف، اور وزیراعظم کے مشیر برائے سیاسی امور رانا ثناء اللہ سمیت پارلیمانی کمیٹی کے سربراہ بلاول بھٹو زرداری کو نشانِ امتیاز دیا گیا۔
وزیر اطلاعات عطا اللہ تارڑ، وزیر داخلہ محسن نقوی، وفاقی وزراء احسن اقبال، شیری رحمٰن، فیصل سبزواری، مصدق ملک اور حنا ربانی کھر کو بھی مختلف اعلیٰ سول اعزازات سے نوازا گیا۔
سینئر رہنما طارق فاطمی اور خرم دستگیر خان بھی اُن شخصیات میں شامل تھے جنہیں ان کی خدمات کے اعتراف میں اعلیٰ سول ایوارڈز سے سرفراز کیا گیا۔