توشہ خانہ ٹوکیس:عدالت نےبشریٰ بی بی کی ضمانت منظورکرلی

0
28

اسلام آبادہائیکورٹ نےتوشہ خانہ ٹوکیس میں بانی پی ٹی آئی کی اہلیہ بشریٰ بی بی کی ضمانت منظورکرلی۔
اسلام آبادہائیکورٹ کےجسٹس میاں گل حسن اورنگزیب نےتوشہ خانہ ٹوکیس میں بشریٰ بی بی کی درخواست ضمانت پرسماعت کی۔بشریٰ بی بی کےوکیل سلمان صفدر اور ایف آئی اے پراسیکیوٹر عمیر مجید ملک عدالت میں پیش ہوئے ۔
بشریٰ بی بی کے وکیل نے گزشتہ روز اپنے دلائل مکمل کر لئے تھے،ایف آئی اے پراسیکیوٹر عمیرمجید عدالت میں پیش ہوئے اور دلائل کا آغاز کردیا۔
ایف آئی اےپراسیکیوٹرکےدلائل:
ایف آئی اے پراسیکیوٹر نے کہا کہ جیولری آئٹم کی فزیکلی دستیابی تک اس کی مارکیٹ ویلیو کا تعین ہی نہیں کیا جا سکتا، یہ جیولری سیٹ کبھی جمع ہی نہیں کرایا گیا، اپنے پاس رکھتے ہوئے ہی قیمت لگوائی گئی، ریاست کو اس جیولری سیٹ کا درست تخمینہ لگوانے کا موقع ہی نہیں دیا گیا۔
جسٹس حسن اورنگزیب نے تفتیشی افسر سے استفسار کیا کہ کیا آپ کو بشریٰ بی بی سے تفتیش کی ضرورت پڑی؟ جب سے کیس منتقل ہوا آپ نے کوئی تفتیش کی؟ ایف آئی اے کے تفتیشی افسر نے جواب دیا نہیں مجھے ضرورت نہیں پڑی۔
جسٹس میاں گل حسن اورنگزیب نے ریمارکس دیے برطانوی وزیراعظم بھی تحائف اپنے ساتھ گھر لے گیا ہے، سب نے اسےکہا تو کہتا ہے رولزکے مطابق لیا ہے، اُسے کہا گیا کہ رولز اپنی جگہ لیکن تمہارا قد کاٹھ بھی ہے۔
عدالت نے کہا کہ اس کی قیمت کا تعین تو جیولری سیٹ سامنے رکھ کر آکشن میں سب سے زیادہ بولی دینے والے کے مطابق ہونا چاہیے، اگر اب یہ بلغاری سیٹ واپس کر دیں تو کیا ہوگا؟ جس پر پراسیکیوٹر نے کہا نیب قانون میں تو پلی بارگین ہے لیکن اس قانون میں ایسی کوئی شق نہیں ہے۔
ایف آئی اے کے تفتیشی افسر کا کہنا تھا ریاست کو ملنے والا گفٹ جمع کرانا اور ڈیکلیئرکرنا ہوتا ہے، قانونی طریقے سے خریدے جانے تک گفٹ ریاست کی ملکیت ہوتا ہے، پروسیجرکے تحت قیمت کا تخمینہ لگنے کے بعد 4 ماہ میں تحفہ خریدا جا سکتا ہے۔
جسٹس حسن اورنگزیب نے پوچھا بشریٰ بی بی نے تحائف جمع نہیں کرائے تو بانی پی ٹی آئی کو ملزم کیوں بنایا گیا؟
جواب میں ایف آئی اےپراسیکیوٹرکاکہناتھاکہ پبلک آفس ہولڈر بانی پی ٹی آئی تھے۔
جسٹس میاں حسن اورنگزیب نے کہا یہ تو جسٹس قاضی فائز عیسٰی کی طرح کا کیس ہے، اُس کیس میں بھی شوہر کو بیوی کے کیے کا ذمہ دار ٹھہرایا گیا تھا، ایف آئی اے پراسیکوٹر نے جواب دیا یہ کیس اُس سے تھوڑا مختلف ہے۔
اسلام آبادہائیکورٹ کے جسٹس میاں گل حسن اورنگزیب نے وکلا کے دلائل سننے کے بعد توشہ خانہ ٹو کیس میں بشریٰ بی بی کی ضمانت منظور کی، عدالت نے بشری بی بی کی ضمانت 10 لاکھ روپے کے مچلکوں پر کے عوض منظور کی۔

Leave a reply