جاپان: 102 سالہ کوہ پیما کا ماؤنٹ فیوجی سر کر نے کانیا ریکارڈ قائم

ہمت ، طاقت اورمہماتی سیاحت کاامتزاج،جاپان کے 102 سالہ کوہ پیما نے ماؤنٹ فیوجی سر کر کے نیا ریکارڈ قائم کر دیا۔
جاپان کے 102 سالہ کوہ پیما کوکیچی اکوزاوا نے دل کے عارضے میں مبتلا ہونے کے باوجود ماؤنٹ فیوجی کو سر کر کے گنیز ورلڈ ریکارڈز اپنے نام کر لیا۔جاپانی کوہ پیما کوکیچی اکوزاوا 1923 میں پیدا ہوئے۔ انہوں نے اپنی تربیت کے طور پر تقریباً ہفتہ وار ایک پہاڑ سر کرنے کے بعد جاپان کی بلند ترین چوٹی سر کر لی ، ان کے اس کارنامے کو گزشتہ ماہ تسلیم کیا گیا۔
رپورٹ کے مطابق 102 سالہ اس باہمت کوہ پیمانے ماؤنٹ فیوجی پر چڑھنے کی تیاری کرنے کا فیصلہ رواں سال جنوری میں اپنے گھر کے قریب ایک پہاڑ پر چلتے ہوئے لڑکھڑانے، بیمار ہونے اور دل کی بیماری کے باعث ہسپتال میں داخل ہونے کے بعد کیا۔
انہوں نے جاپانی میڈیا کو انٹرویو دیتے ہوئے بتایاہے کہ میں نے اس سے قبل 96 سال کی عمر میں ماؤنٹ فیجی کو سر کیا تھا، میں اس پہاڑ کو کئی بار سر کر چکا ہوں تو میرے لیے اسے دوبارہ سر کرنا اب کوئی بڑی بات نہیں تھی۔
ان کی بیٹی نے میڈیا کو بتایا ہے کہ ان کے والد کی جسمانی حالت نے پورے خاندان کو تشویش میں مبتلا کر دیا تھا ،لیکن وہ پہاڑ سر کرنے کیلئے پرعزم تھے۔ ماؤنٹ فیوجی کو سر کرنے کے دوران ان کے والد اتنی تیزی سے صحت یاب ہوئے کہ ان کے ڈاکٹرز کو بھی یقین نہیں آیا۔جاپان کے 102 سالہ کوہ پیما کے اس کارنامے پر ان کے خاندان نے انتہائی مسرت کا اظہار کیا ہے۔