حرمین شریفین کے دفاع میں پاکستان کا عملی کردار، سعودی عرب سے تاریخی معاہدہ

0
2

حرمین شریفین کے دفاع میں پاکستان کا عملی کردار، سعودی عرب سے تاریخی معاہدہ کرلیا۔
وزیراعظم شہبازشریف نےسماجی رابطےکی ویب سائٹ ایکس سابق(ٹوئٹر) پر اپنےپیغام میں کہاہےکہ سعودی عرب کی جانب سے والہانہ اور پرتپاک استقبال نے مجھے بے حد متاثر کیا۔ انہوں نے کہا کہ سعودی ولی عہد اور وزیراعظم شہزادہ محمد بن سلمان کی جانب سے تاریخی خیرمقدم دل کو چھو گیا۔
اپنے بیان میں وزیراعظم نے کہا کہ سعودی شاہی فضائیہ کے لڑاکا طیاروں کے حصار میں ایئرپورٹ تک لایا جانا اور مسلح افواج کی جانب سے پیش کی گئی سلامی ایک یادگار لمحہ تھا، جو پاکستان اور سعودی عرب کے درمیان دیرینہ تعلقات، محبت اور باہمی اعتماد کا واضح ثبوت ہے۔
وزیراعظم نے مزید بتایا کہ سعودی ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان سے خوشگوار اور نتیجہ خیز ملاقات ہوئی جس میں علاقائی چیلنجز، دوطرفہ تعاون، سرمایہ کاری اور تجارتی تعلقات کو فروغ دینے پر تفصیلی تبادلہ خیال ہوا۔
شہباز شریف نے کہا کہ میں دل کی گہرائیوں سے شہزادہ محمد بن سلمان کے وژن اور ان کی قائدانہ صلاحیتوں کو سراہتا ہوں۔ پاکستان اور سعودی عرب کے درمیان معاشی اور تجارتی تعلقات کو وسعت دینے میں ان کی خصوصی دلچسپی لائق تحسین ہے۔
انہوں نے کہا کہ ان کی دعا ہے کہ پاکستان اور سعودی عرب کی دوستی مزید مضبوط ہو اور عظمت کی نئی بلندیوں کو چھوئے۔’’انشاء اللہ!‘‘
دفاعی معاہدہ ایک تاریخی سنگ میل :
سعودی ولی عہد کی دعوت پر وزیراعظم شہباز شریف گزشتہ روز سرکاری دورے پر سعودی عرب پہنچے۔ ریاض پہنچنے پر سعودی فضائیہ کے ایف-15 لڑاکا طیاروں نے پروٹوکول کے تحت وزیراعظم کو ایئر بیس تک پہنچایا۔اس موقع پر دونوں رہنماؤں نے ایک تاریخی دفاعی معاہدے (Strategic Mutual Defense Agreement – SMDA) پر دستخط کیے۔اس معاہدے کے تحت پاکستان اور سعودی عرب ایک دوسرے کی خودمختاری اور سالمیت کے تحفظ کے لیے اسٹریٹیجک پارٹنرز بن گئے ہیں۔اگر کسی ایک ملک پر حملہ ہوتا ہے تو وہ دونوں پر حملہ تصور ہوگا اور مشترکہ جواب دیا جائے گا۔پاکستان حرمین شریفین کے تحفظ میں براہ راست کردار ادا کرے گا ، پاکستان ایسا کرنے والا پہلا ملک بن گیا ہے جو مسجد الحرام اور مسجد نبوی ﷺ کے دفاع میں سعودی عرب کے شانہ بشانہ ہوگا۔اس معاہدے کی تیاری اور تکمیل میں آرمی چیف فیلڈ مارشل سید عاصم منیر کا اہم اور کلیدی کردار رہا ہے۔

Leave a reply