بیٹی کی شادی کی ویڈیولیک ،خامنہ ای کےمشیرعلی شمخانی نےوضاحت دیدی

ایرانی سپریم کمانڈرخامنہ ای کےمشیرعلی شمخانی نے بیٹی کی شادی کی ویڈیوسوشل میڈیاپرلیک ہونےپروضاحت دےدی۔
ایرانی سپریم لیڈرخامنہ ای کے مشیر علی شمخانی کی بیٹی کی شادی رواں سال اپریل کےمہینےمیں ہوئی تھی جس کی ویڈیوحال ہی میں سوشل میڈیاپرلیک ہوئی تھی۔
سوشل میڈیاپرگردش کرتی ویڈیومیں ایرانی عہدیدارکی بیٹی اوراہلیہ کومغربی طرز کا لباس زیب تن کئے دیکھاجاسکتاہے،شادی کی اس تقریب میں دیگرخواتین بھی بغیرحجاب کےموجودہیں۔
ویڈیو نے تہران میں عوامی اور سیاسی حلقوں میں بھونچال برپا کردیا جس کے بعد اس تنازع پر علی شمخانی کا انتہائی مختصر بیان سامنے آیا ہے۔
العربیہ نے فارس نیوز ایجنسی کا حوالہ دیتے ہوئے بتایا ہے کہ رواں ہفتے ایک فوجی کمانڈر کے جنازے کے دوران علی شمخانی سےصحافی نےاس بارےمیں سوال کیاتو جواب میں خامنہ ای کےمشیر کا کہنا تھا کہ ’ تازہ ترین تنازع پر بھی میرا جواب وہی ہے جو پچھلے مسئلے پر تھا‘۔
نیوز ایجنسی کے مطابق اس موقع پر ایرانی عہدیدار نے سخت الفاظ کا استعمال کیا اور ساتھ ہی کہا کہ ’میں ابھی تک زندہ ہوں‘۔
اس سےقبل علی شمخانی نےسوشل میڈیاپرایکس سابق (ٹوئٹر)پراپنےآفیشل اکاؤنٹ پربھی عبرانی زبان میں ایک ٹوئٹ کی جس کا اردو ترجمہ یہی ہے کہ ’میں ابھی زندہ ہوں ‘۔