خیبرپختونخوا :تعلیمی سال کو فال سمسٹر اور سپرنگ سمسٹر میں تقسیم کرنے کا فیصلہ

خیبر پختونخوا حکومت نے صوبے کے تعلیمی نظام میں اصلاحاتی ایجنڈے کے تحت سمر اور ونٹر زونز میں تعلیمی سال کو فال سمسٹر اور سپرنگ سمسٹر میں تقسیم کرنے کا فیصلہ کر لیا۔
ابتدائی طور پر اس سسٹم کا اطلاق نرسری سے آٹھویں جماعت تک کی کلاسز پر ہوگا۔ سمر زون میں تعلیمی سال کا آغاز یکم ستمبر سے ہوگا، سمر زون میں فال سمسٹر یکم ستمبر سے 31 دسمبر تک ہوگا اور سپرنگ سمسٹر 16 جنوری سے 31 مئی تک ہوگا۔اسی طرح ونٹر زون میں تعلیمی سال کا آغاز یکم مارچ سے ہوگا، ونٹر زون میں اسپرنگ سمسٹر یکم مارچ سے 30 جون تک ہوگا ،جبکہ فال سمسٹر یکم اگست سے 22 دسمبر تک ہوگا۔
ہر سمسٹر کے الگ الگ امتحانات ہوں گے اور حتمی نتائج کی تیاری میں دونوں سمسٹر کے امتحانات کو برابری کی بنیاد پر اہمیت دی جائے گی۔نئے سسٹم کے تحت بچوں پر کتابوں کا بوجھ کم کرنے کیلئے دونوں سمسٹرز میں درسی کتب کو بھی دو حصوں میں چھاپنے کی تجویز دی گئی ہے۔
علاوہ ازیں سمر اور ونٹر زونز میں چھٹیوں کا شیڈول معمولی ردوبدل کے ساتھ بدستور وہی رہے گا، تاہم ان چھٹیوں کو دونوں زونز میں مؤثر داخلہ مہم، مفت کتابوں کی تقسیم اور ترسیل، اساتذہ کی تربیت، طلبا کیلئے سمر اور ونٹر کیمپس اورفنی تربیتی پروگرامز وغیرہ منعقد کیے جائیں گے۔
ونٹر اور سمر زونز کیلئے الگ الگ تعلیمی سال ان علاقوں کی موسمی صورتحال کے پیش نظر کیا گیا ہے اور مختلف زونز کیلئے الگ الگ تعلیمی سال مقرر کرنے سے طلبا کو غیر نصابی سرگرمیوں میں حصہ لینے اور فنی تربیت حاصل کرنے کے بھر پور مواقع میسر آئیں گے۔
ماہرین تعلیم کے مطابق الگ الگ تعلیمی سال کے نفاذ سے سرکاری وسائل کے بہتر اور مؤثر استعمال کو بھی یقینی بنایا جاسکے گا۔