دانش سکولز اور یونیورسٹی کو ڈیجیٹل لرننگ مراکز میں بدلنے کا عزم

0
3

طلبا و طالبات کیلئے خوشخبری،دانش سکولز اور یونیورسٹی کو ڈیجیٹل لرننگ مراکز میں بدلنے کا عزم، دانش سکولز اور مجوزہ دانش یونیورسٹی کو جدید، عالمی معیار کی تعلیم کے مراکز میں تبدیل کیا جائے گا، جہاں ڈیجیٹل کلاس رومز، جدید ٹیکنالوجی اور غیر متزلزل میرٹ کو بنیاد بنایا جائے گا۔
وزیراعظم پاکستان کی زیر صدارت دانش سکولز اور مجوزہ یونیورسٹی کی پیشرفت کا جائزہ لینے کیلئے اجلاس میں اہم فیصلے کر لیے گئے۔
اجلاس میں بتایا گیا کہ اسلام آباد کے علاقےکُرّی میں دانش سکول کی تعمیر تیزی سے جاری ہے اور سال کے آخر تک مکمل ہونے کی توقع ہے۔ گلگت بلتستان کے سلطان آباد، گانچھے اور استور میں بھی دانش سکولز کی تعمیر جاری ہے، جو آئندہ سال مکمل ہوں گے۔آزاد کشمیر کے باغ اور بھمبر میں نئے منصوبوں پر کام شروع ہو چکا ، جبکہ شاردہ ، نیلم ویلی میں سکول کی تعمیر جلد پی سی ون کی منظوری کے بعد شروع کی جائے گی۔
بلوچستان کے ضلع سبی، موسیٰ خیل، ژوب، قلعہ سیف اللہ اور ڈیرہ بگٹی میں دانش سکولز کیلئے پی سی ون منظور ہو چکا اور حب میں منصوبے کیلئے فیزیبلٹی سٹڈی جاری ہے۔چترال، کراچی اور ٹنڈو محمد خان میں زمین کی نشاندہی کر لی گئی ہے، جبکہ ایبٹ آباد اور وزیرستان میں مجوزہ سکولز اور راجن پور میں دانش یونیورسٹی کیلئےابتدائی کام جاری ہے۔
دانش یونیورسٹی سے متعلق اجلاس کو بتایا گیا کہ ٹیکنوفیزیبلٹی سٹڈی رواں ماہ جولائی کے آخر تک مکمل ہو جائے گی، جبکہ یونیورسٹی کے نصاب، داخلہ پالیسی اور معاون سہولیات پر بھی کام جاری ہے۔
اجلاس کےدوران وزیراعظم نے ہدایت کی کہ یونیورسٹی کا انفراسٹرکچر سادہ اور کم لاگت پر مبنی ہو، جبکہ جدید سافٹ ویئر، ڈیجیٹل لرننگ ٹولز، ایڈوانسڈ لیبارٹریز اور ابھرتی ہوئی ٹیکنالوجیز پر زیادہ سرمایہ کاری کی جائے۔
دانش سکولز سسٹم، جو کم مراعات یافتہ بچوں کو معیاری تعلیم کی فراہمی کیلئے قائم کیا گیا ، اب شعبہ تعلیم میں تفریق ختم کرنے کے قومی وژن کے تحت ملک گیر سطح پر توسیع پا رہا ہے۔

Leave a reply