دبئی میں سیاحت کا فروغ: رواں سال سیاحوں کی تعداد میں ریکارڈاضافہ

0
2

دبئی میں سیاحت کا فروغ،اماراتی شہر دبئی میں رواں سال سیاحوں کی تعداد میں ریکارڈاضافہ، دنیا بھر سے دبئی کا رخ کرنیوالے سیاحوں کی تعداد 6 فیصد اضافہ کے ساتھ 98.8 لاکھ تک پہنچ گئی۔
دبئی کی بدلتی ہوئی سیاحتی پیشکش، مؤثر عوامی و نجی شراکت داری اور مضبوط عالمی مارکیٹنگ حکمت عملی کے تحت 2025 کے جنوری سے جون کے دوران 98.8 لاکھ بین الاقوامی سیاحوں نے شہر کا رخ کیا، جو 2024 کے اسی عرصے کے مقابلے میں 6 فیصد زیادہ ہے۔
اماراتی نیوز ایجنسی ’’وام‘‘ کے مطابق یہ اعداد و شمار دبئی ڈیپارٹمنٹ آف اکانومی اینڈ ٹورازم (ڈی ای ٹی) نے جاری کیے ہیں ، جو دبئی کی مسلسل ترقی، تجارت، سرمایہ کاری، ہنر اور مواقع کے مرکز کے طور پر ابھرنے اور دنیا کے سب سے زیادہ مربوط شہر کی عکاسی کرتے ہیں۔
ڈی ای ٹی کی رپورٹ کے مطابق 2025 کی پہلی ششماہی میں خلیجی تعاون کونسل اور مشرق وسطیٰ و شمالی افریقہ سے بالترتیب 15 فیصد (15.1 لاکھ) اور 11 فیصد (11.2 لاکھ) سیاح دبئی آئے، جو مجموعی سیاحوں کا 26 فیصد بنتا ہے۔مغربی یورپ سب سے بڑا مآخذ رہا، جہاں سے 22.1 لاکھ (22 فیصد) سیاح دبئی پہنچے، اس کے بعد سی آئی ایس اور مشرقی یورپ 15فیصد، جنوبی ایشیا 15فیصد، شمال مشرقی و جنوب مشرقی ایشیا 9فیصد، امریکا 7فیصد، افریقا 4فیصد اور آسٹریلیا 2فیصد شامل ہیں۔
دبئی نے اپنی انفرادیت، سلامتی اور رابطہ کاری کے باعث روایتی و ابھرتی ہوئی مارکیٹوں سے سیاحوں کو متوجہ کیا ہے، شہر کا رہائشی انفراسٹرکچر بھی بہتر ہوا جہاں 2025 کی پہلی ششماہی میں مختلف علاقوں میں نئی ہوٹل سہولیات کا آغاز ہوا، جن میں جمیرا مرسا العرب (ام سقیم)، شوال میزن (ایکسپو سٹی)، بلٹمور ہوٹل ولاز (البرشاء) اور وِدا دبئی مال (ڈاؤن ٹاؤن) شامل ہیں۔

Leave a reply