دورہ گلگت بلتستان:وزیراعظم کاسیلاب متاثرین سےاظہارہمدردی، فنڈز کی فراہمی کا اعلان

0
5

وزیراعظم شہباز شریف نےکہاہےکہ ماحولیاتی تبدیلیوں سے نمٹنے کے لیے مؤثر اقدامات وقت کی اہم ضرورت بن چکے ہیں۔
وزیراعظم شہبازشریف نےگلگت بلتستان میں سیلاب سےتباہ حال علاقوں کادورہ کیااورمتاثرین کےساتھ اظہارہمدردی کیااس موقع پرشہبازشریف نےفنڈزکی فراہمی کااعلان بھی کیا۔
وزیراعظم شہبازشریف کاسیلاب سےمتعلق جائزہ اجلاس سے خطاب کرتے ہوئےکہناتھاکہ وہ ذاتی طور پر گلگت بلتستان میں حالیہ سیلاب اور کلاؤڈ برسٹ کے باعث ہونے والے نقصانات کا جائزہ لینے آئے ہیں۔انہوں نے جانی و مالی نقصانات پر افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ وفاقی حکومت متاثرہ علاقوں کی بحالی کے لیے گلگت بلتستان حکومت کے ساتھ مکمل رابطے میں ہے۔
وزیراعظم کامزید کہنا تھا کہ پاکستان کا عالمی سطح پر کاربن اخراج میں حصہ نہ ہونے کے برابر ہے، اس کے باوجود ہمارا ملک ماحولیاتی تبدیلیوں سے شدید متاثر ہونے والے ممالک کی فہرست میں شامل ہے۔ انہوں نے یاد دلایا کہ 2022 کے سیلاب بھی اس حقیقت کا ثبوت ہیں۔
شہباز شریف نے وزارتِ ماحولیاتی تبدیلی کو ہدایت کی ہے کہ وہ عالمی فورمز پر پاکستان کا مقدمہ موثر انداز میں پیش کریں، اور مزید فنڈز کے حصول کو یقینی بنائیں، کیونکہ اب تک کی عالمی کانفرنسوں میں شرکت کے باوجود مطلوبہ فنڈنگ حاصل نہیں ہو سکی۔
وزیراعظم کی آمد پر وزیراعلیٰ گلبر خان اور گورنر سید مہدی شاہ نے ان کا استقبال کیا۔ترجمان حکومت گلگت بلتستان فیض اللہ فراق کے مطابق وزیراعظم کو سیلابی تباہ کاریوں پر تفصیلی بریفنگ دی گئی۔
یاد رہے کہ حالیہ مون سون بارشوں نے گلگت بلتستان میں شدید تباہی مچائی ہے، جس سے کئی علاقے متاثر ہوئے۔ ضلع دیامر، گلگت اور غذر میں لینڈ سلائیڈنگ اور سیلابی ریلوں سے بڑے پیمانے پر جانی و مالی نقصان ہوا، جبکہ 21 جولائی کو بابوسر ٹاپ پر ریلہ کئی سیاحوں کو بہا لے گیا تھا، جن میں سے 10 سے زائد تاحال لاپتا ہیں، اور تلاش کا عمل جاری ہے۔

Leave a reply