راوی، چناب اور ستلج میں شدید سیلاب کا خطرہ، ڈیڑھ لاکھ افراد کا انخلا مکمل

پی ڈی ایم اے نے خبردار کیا ہے کہ آئندہ 48 گھنٹوں کے دوران دریائے راوی، چناب اور ستلج میں اونچے سے لے کر انتہائی اونچے درجے تک کے سیلاب کا امکان ہے۔ راولپنڈی، لاہور اور گوجرانوالہ ڈویژن میں بھی شہری سیلاب کا خدشہ ظاہر کیا گیا ہے، جب کہ دریائی علاقوں سے اب تک ڈیڑھ لاکھ سے زائد افراد کو محفوظ مقامات پر منتقل کر دیا گیا ہے۔
این ڈی ایم اے کے مطابق، بہاولنگر سے 89,868، قصور سے 14,140، اور اوکاڑہ سے 2,000 سے زائد افراد کو محفوظ مقامات پر منتقل کیا جا چکا ہے۔ اسی طرح بہاولپور، وہاڑی اور پاکپتن سے بھی سیکڑوں افراد کا انخلا مکمل کر لیا گیا ہے۔ سیلاب کی وارننگ کے بعد تقریباً 40 ہزار افراد پہلے ہی رضاکارانہ طور پر محفوظ مقامات پر منتقل ہو چکے ہیں۔
پی ڈی ایم اے نے تمام متعلقہ اضلاع کے ڈپٹی کمشنرز کو الرٹ رہنے کی ہدایت جاری کر دی ہے۔ ان اضلاع میں لاہور، ساہیوال، ملتان، بہاولپور، ڈیرہ غازی خان، قصور، اوکاڑہ، پاکپتن، وہاڑی، بہاولنگر، لودھراں، ملتان اور مظفرگڑھ شامل ہیں۔
ریسکیو 1122 کے ترجمان کے مطابق دریائے سندھ، چناب، راوی، ستلج اور جہلم کے ملحقہ علاقوں سے انسانی انخلا کا عمل مکمل کیا جا رہا ہے۔