رواں سال کتنے سیاح گلگت بلتستان کا رخ کریں گے؟

0
91

رواں سال کتنے سیاح جنت نظیر گلگت بلتستان کا رخ کریں گے؟ 

محکمہ سیاحت نے 15 لاکھ تک سیاحوں کی آمد کی توقع لگا لی۔ موسم گرما کی تعطیلات ہوتے ہی ملک بھرسے سیاحوں کی بڑی تعداد نے ٹھنڈے اور خوشگوار سیاحتی مقامات کا رخ کر لیا۔  گرمی سے بچنے اور سیروتفریخ کیلئے جنت نظیر گلگت بلتستان سیاحوں کا پسندیدہ مقام ہے، جہاں کے قدرتی مناظر، ٹھنڈی ہوائیں اور سرسبز وادیاں سیاحوں کے دل موہ لیتی ہیں۔

گلگت بلتستان کے نمایاں سیاحتی مقامات میں ہنزہ ویلی، نلتر ویلی، سکردو، عطا آباد جھیل، فنڈر، نگر اور غزر شامل ہیں۔ ملک کے گرم اور میدانی علاقوں کے لوگ گرمی سے نجات پانے کیلئے اکثر سیاح ان مقامات کا رخ کرتے ہیں۔ ان علاقوں کی خوبصورتی اور خوشگوار موسم ہی نہیں، بلکہ یہاں کی ثقافت اور مہمان نوازی بھی لوگوں کو اپنی جانب راغب کرتی ہے۔

گلگت بلتستان میں آنیوالے سیاحوں کو ہمیشہ یہاں ایک خوبصورت تجربہ حاصل ہوتا ہے، جو انہیں دوبارہ یہاں کھینچ لاتا ہے۔ چونکہ موسم گرما میں بھی ان علاقوں کا درجہ حرارت کم ہوتا ہے لہٰذا یہاں آنیوالے سیاح خوبصورت وادیاں میں گھومنے پھرنے کے علاوہ ہائیکنگ، کیمپنگ اور کشتی رانی جیسی مختلف سرگرمیوں سے بھی لطف اندوز ہوتے ہیں۔

یوں تو گلگت بلتستان میں ہر سال بڑی تعداد میں سیاح آتے ہیں ، مگررواں برس ان کی تعداد میں خاطر خواہ اضافہ متوقع ہے۔ اس حوالے سے محکمہ سیاحت کے اسسٹنٹ ڈائریکٹر ٹورازم کاشف کا کہنا ہے کہ رواں سال 10 لاکھ سے 15 لاکھ کے قریب سیاحوں کی گلگت بلتستان آمد کی توقع ہے، جس سے یہاں سیاحت کو فروغ ملے گا۔

سمرسیزن میں سیاحوں کی آمد کے پیش نظر محکمہ سیاحت کی طرف سے سیاحوں کی سہولت کیلئے انفارمیشن ڈیسک قائم کر دیےگئے ہیں، تاکہ گلگت بلتستان کی حسین وادیوں کا رخ کرنیوالے سیاحوں کو کسی قسم کی مشکلات کا سامنا کرنا نہ پڑے اور ان کا ٹور یادگار اور خوشگوار ثابت ہو سکے۔

Leave a reply