ریلوے نے 30 نئی ہائی سپیڈ فریٹ ویگنیں سسٹم میں شامل کر دیں

0
36

ریل کے مسافروں کیلئے خوشخبری،ریلوے نے 30 نئی ہائی سپیڈ فریٹ ویگنیں سسٹم میں شامل کر دیں۔
پاکستان ریلویز نے تاجر برادری کی سہولت اور ملک میں فریٹ ٹرانسپورٹ نظام کو جدید خطوط پر استوار کرنے کیلئے اہم قدم اٹھاتے ہوئے 30 نئی ہائی سپیڈ، ہائی کیپیسٹی فریٹ ویگنوں کو اپنے نظام کا حصہ بنا دیا ہے۔
اس حوالے سےچیف ایگزیکٹو آفیسر ریلویز عامر علی بلوچ نے لاہور کینٹ ریلوے سٹیشن پر منعقدہ ایک تقریب کے دوران گفتگو کرتے ہوئے کہا ہے کہ یہ ویگنیں تاجر برادری کے مطالبے پر تیار کی گئی ہیں اور عالمی معیار کے مطابق ہیں، ہر ویگن 60 ٹن وزن اٹھانے کی صلاحیت رکھتی ہے، جو فریٹ آپریشنز میں انقلابی پیشرفت ہے، ریلوے کا ہدف مجموعی طور پر 850 فریٹ ویگنوں کی شمولیت ہے، جن میں سے 250 ویگنیں پہلے ہی نظام کا حصہ بن چکی ہیں، جبکہ بقیہ ویگنیں رواں سال 31 دسمبر تک شامل کر لی جائیں گی۔
نئی ویگنیں مکمل طور پر پاکستان میں تیار کی گئی ہیں، جو مقامی صنعت کیلئےنیا سنگ ِ میل ہے، ریلوے فریٹ سروس کے کرائے سڑک کے مقابلے میں کم رکھے گئے ہیں ،تاکہ تاجروں کو کم لاگت پر مؤثر نقل و حمل کی سہولت میسر آ سکے۔
چیف ایگزیکٹو آفیسر ریلویزنے عندیہ دیا کہ جیسے جیسے ریلوے کے ٹریکس کی استعداد میں اضافہ ہوگا، مزید جدید فریٹ ٹرینیں متعارف کروائی جائیں گی، تاکہ ملک میں کارگو ٹرانسپورٹ کا نظام مزید مستحکم اور مؤثر ہو سکے۔

Leave a reply