زرعی پیداوار میں اضافہ اور کمزور طبقات کا تحفظ حکومت کی ترجیح ہے،صدرآصف زرداری

صدرمملکت آصف علی زرداری نےکہاہےکہ ، زرعی پیداوار میں اضافہ اور کمزور طبقات کا تحفظ حکومت کی ترجیح ہے۔
خوراک کےعالمی دن کےموقع پراپنےپیغام میں صدرمملکت آصف علی زرداری کاکہناتھاکہ دنیاسال 1979 سے 16 اکتوبر کو یومِ خوراک کےطورپرمناتی ہے، موسمیاتی تبدیلی، سیلاب اور مہنگائی خوراک کی قلت میں اضافہ کر رہے ہیں، کئی خاندان آج بھی صحت مند غذا کا خرچ برداشت نہیں کر سکتے۔
صدرمملکت کامزیدکہناتھاکہ اس سال کا موضوع بہتر خوراک اور بہتر مستقبل کے لیے ہاتھوں میں ہاتھ تجویز کیا گیا ہے۔پاکستان میں زراعت معیشت کی بنیاد اور کروڑوں افراد کی روزی کا ذریعہ ہے۔ بچوں میں غذائی کمی ایک تشویشناک چیلنج ہے۔
اُن کاکہناتھاکہ ہمارا عزم ہے کہ کوئی بچہ بھوکا نہ سوئے، ہر گھر میں خوراک پہنچے۔ حکومت موسمیاتی لحاظ سے موزوں کاشت کاری کو فروغ دے رہی ہے، بہتر آبی و زمینی انتظام اور خوراک کی فراہمی کو مؤثر بنایا جا رہا ہے۔
صدرآصف زرداری کامزیدکہناتھاکہ خوراک کے ضیاع کی روک تھام حکومت کی ترجیحات میں شامل ہے،سیلاب زدگان کے ریلیف کے لیے اقدامات جاری ہیں، زرعی پیداوار میں اضافہ اور کمزور طبقات کا تحفظ حکومت کی ترجیح ہے۔