سردی ابھی گئی نہیں، محکمہ موسمیات کی بارش اور برفباری کی پیشگوئی

سردی ا بھی گئی نہیں ، جاڑاابھی باقی ہے۔محکمہ موسمیات نے ملک کے مختلف میدانی و بالائی علاقوں میں وقفے وقفے سے بارشوں ، جبکہ پہاڑوں پر مزید برفباری کی پیشگوئی کردی۔
محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ بارشوں اور برفباری سے ملک بھر میں جاری سردی کی لہر میں مزید اضافہ ہوسکتا ہے۔
موسم کاحال بتانےوالوں کاکہناہےکہ آج سے ملک کے بالائی علاقوں میں مغربی ہواؤں کا نیا سسٹم داخل ہو رہا ہے، جس کی وجہ سے بارش اور برفباری کا امکان ہے۔
محکمہ موسمیات کاکہناہےکہ مری، گلیات، سوات، چترال، دیر، گلگت بلتستان اور کشمیر کے پہاڑی علاقوں میں اگلے 12 سے 24 گھنٹوں کے دوران ہلکی سے درمیانی برفباری اور بارش کی توقع ہے۔اُدھر لاہور، اسلام آباد اور پنجاب کے وسطی علاقوں میں مطلع جزوی طور پر ابر آلود رہے گا، جبکہ رات اور صبح کے اوقات میں میدانی علاقوں اور بالائی سندھ میں شدید دھند کا سلسلہ برقرار رہے گا۔ روشنیوں اور ساحلوں کے شہرکراچی میں کل 22 اورپرسوں 23 جنوری کو بارش متوقع ہے، کیونکہ مغربی ہواؤں کے سلسلے کا 22 جنوری کو سندھ کو اپنی لپیٹ میں لینے کا امکان ہے۔دوسری جانب شمال مغربی بلوچستان کوئٹہ، زیارت، چمن میں بارش اور پہاڑوں پر برفباری کی پیشگوئی کی گئی ہے۔















