سعودی عرب : سیاحتی شعبے کی لوکلائزیشن کیلئے نئی پالیسی کا اعلان

سیاحت کے فروغ کی طرف دھیان ،سعودی عرب میں سیاحتی شعبے کی لوکلائزیشن کیلئے نئی پالیسی کا اعلان کردیاگیا۔
سعودی عرب نے مملکت میں سیاحت کے شعبے کو مقامی بنانے کیلئے نئی پالیسیوں کو متعارف کروادیا۔
سعودی پریس ایجنسی کے مطابق سیاحت کے وزیر احمد الخطیب نے ملازمین کی رجسٹریشن اور سعودائزیشن کے حوالے سے نئی پالیسیوں کی منظوری دیدی ہے۔
وزارت کی جانب سے جاری نئے ضوابط کے مطابق سیاحت اور میزبانی کی تمام سہولتوں پر لازم کر دیا گیا ہے کہ کام کے اوقات میں ان جگہوں پر کوئی نہ کوئی سعودی شہری ریسیپشن پر موجود ہو۔سیاحت کی سہولتیں فراہم کرنیوالوں کو کام کے آغاز سے پہلے تمام ملازمین کو ہیومن ریسورس اور سماجی ترقی کی وزارت کے ساتھ رجسٹر کرانا ہوگا۔
ملازمین کے معاہدے جن میں عارضی یا جز وقتی معاہدے شامل ہیں، آئندہ سے اجیر یا دوسرے منظور شدہ پلیٹ فارمز کے ذریعے دستاویزی شکل میں لانا لازمی ہو گا۔سیاحت سے متعلق وہ سہولتیں ،جہاں مختلف شعبوں کی ایک سے زیادہ لائسنس شدہ برانچیں ہوں گی، انہیں ملازمین کا اندراج سیاحت کے لائسنس کے تحت الگ برانچ کے مطابق کروانا ہوگا۔
وزارت نے زور دیا ہے کہ ان نئی پالیسیوں کی تعمیل پر سختی سے نگرانی کی جائے گی، تاکہ مملکت میں سیاحت کو دن دوگنی رات چوگنی ترقی دی جا سکے، جو2030 وژن کا حصہ ہے۔