سعودی عرب کےمفتی اعظم شیخ عبدالعزیز 85برس کی عمرمیں انتقال کرگئے

0
15

سعودی عرب کی فضاسوگوار،مفتی اعظم شیخ عبدالعزیز85برس کی عمرمیں خالقِ حقیقی سے جا ملے۔
سعودی پریس ایجنسی کےمطابق منگل کی صبح مفتی اعظم شیخ عبدالعزیز بن عبداللہ آل الشیخ انتقال کرگئے۔
سعودی میڈیا کے مطابق مفتی اعظم شیخ عبدالعزیز بن عبداللہ آل الشیخ کی نمازِ جنازہ بعد نماز عصر ریاض کی امام ترکی بن عبداللہ مسجد میں ادا کی جائے گی۔
مفتی اعظم کے انتقال سے متعلق جاری بیان میں کہا گیا ہےکہ ’مفتی اعظم شیخ عبدالعزیز بن عبداللہ آل الشیخ کا انتقال ایک بہت بڑاسانحہ ہے،جس کی وجہ سے مملکت اور مسلم دنیا ایک ممتاز عالم سے محروم ہوگئی ہے ، مفتی اعظم نے سائنس، اسلام اور مسلمانوں کیلئے نمایاں خدمات سرانجام دیں‘۔
مفتی اعظم شیخ عبدالعزیز بن عبداللہ آل الشیخ حج کا خطبہ دینے کے فرائض بھی انجام دے چکے ہیں۔جبکہ وہ سینئر علماء کی کونسل کے صدر بھی رہ چکے ہیں۔
سعودی پریس ایجنسی کےمطابق نومبر 1940 میں پیدا ہونےوالے شیخ عبدالعزیز بن عبدالله آل الشیخ نے 1999 سے سعودی عرب کے اعلیٰ مفتی کاعہدہ سنبھالا۔وہ تقریباً26 برس تک اس مذہبی ذمہ داری کونبھاتےرہے۔
ان کی موت کے بعد سعودی عرب اور اسلام کے دیگر ممالک کےمختلف شہروں میں تعزیتی بیانات کا سلسلہ جاری ہے۔ آپ کی علمی اور روحانی خدمات کو بڑے پیمانے پر سراہا جا رہا ہے، خاص طور پر فتاویٰ دینے، عوامی مسائل اور دینی معاملات پر رہنمائی فراہم کرنے کے حوالے سے۔
سعودی فرماں روا شاہ سلمان بن عبدالعزیز اور ولی عہد محمد بن سلمان نے مفتی اعظم کے انتقال پر تعزیت کا اظہار کیا ہے۔
وزیراعظم شہباز شریف کا اظہار تعزیت:
وزیراعظم شہبازشریف نے سعودی مفتیِ اعظم شیخ عبدالعزیزبن عبداللہ آل الشیخ کےانتقال پردکھ کا اظہار کرتےہوئےکہاکہ شیخ عبدالعزیزبن عبداللہ کی وفات سعودی عرب اور پوری امتِ مسلمہ کیلئے لمحہ غم ہے، مرحوم نے پوری زندگی قرآن وسنت کی ترویج،شریعتِ مطہرہ کی توضیح،امت کی رہنمائی میں گزاری۔
اُن کامزیدکہناتھاکہ غم کی اس گھڑی میں پاکستانی عوام اورحکومت سعودی عوام اورقیادت کےغم میں برابرکےشریک ہیں۔وزیر اعظم نے مرحوم کے اہلِخانہ،خادم الحرمین الشریفین،ولی عہد،سعودی قیادت وعوام سے دلی تعزیت کرتے ہوئے دعا کی کہ اللہ مرحوم کو جنت الفردوس میں اعلیٰ مقام عطا فرمائے اور ان کی دینی خدمات کوشرفِ قبولیت بخشے۔

Leave a reply