سندھ اسمبلی کے نو منتخب اراکین نے حلف اٹھا لیا

0
134

سندھ اسمبلی کے نو منتخب اراکین نے حلف اٹھا لیا

عام انتخابات 2024 کے سندھ اسمبلی کا پہلا اجلاس 40 منٹ کی تاخیر سے سپیکر آغا سراج درانی کی زیر صدارت شروع ہوا، جس میں نومنتخب ارکان نے اپنی رکنیت کا حلف اٹھالیا۔ 147 ارکان نے حلف اٹھایا جن میں پیپلز پارٹی کے 111 اور ایم کیو ایم کے 36 ارکان شامل ہیں۔ ایوان 168 ارکان پر مشتمل ہے جس میں 130 جنرل جبکہ 29 خواتین اور 9 اقلیت کی نشستیں مخصوص ہیں۔
ارکان کی حلف برداری کے بعد سپیکر کی جانب سے نئے سپیکر اور ڈپٹی سپیکر کے انتخاب کیلئے شیڈول جاری کیا جائے گا۔

اپوزیشن کا احتجاج

سندھ اسمبلی میں حلف برداری کے دوران اپوزیشن رہنماؤں نے احتجاج کیا اور نعرے بازی شروع کر دی۔
سندھ اسمبلی میں گیلری میں موجود لوگوں نے نعرے بازی کی، اس دوران سپیکر آغا سراج درانی غصہ ہوگئے ہیں اور احتجاجی رہنماؤں کو خاموش رہنے کی ہدایات کرتے رہے۔

سپیکر آغا سراج درانی نے ایوان میں شور کرنے پر ارکان کو ڈانٹ پلا دی، انہوں نے کہا کہ ہمیں قانونی کارروائی کرنے دیں، لوگ خاموش ہوجائیں ورنہ گیلری خالی کرادوں گا۔

پیپلزپارٹی 114 نشستوں کے ساتھ سب سے بڑی پارلیمانی پارٹی اور ایم کیوایم 36 ارکان کے ساتھ دوسری بڑی جماعت ہے۔ جی ڈی اے 3، جماعت اسلامی 1 اور 9 آزاد ارکان بھی ایوان کا حصہ ہیں۔ پی ٹی آئی کے حمایت یافتہ آزاد ارکان کی سنی اتحاد کونسل میں شمولیت کا فیصلہ نہیں ہوسکا۔

واضح رہے کہ سندھ اسمبلی میں 60 ارکان پہلی مرتبہ ایوان کا حصہ بن رہے ہیں۔ ہیر اسماعیل سوہو واحد خاتون رکن ہیں جو مسلسل پانچویں مرتبہ رکن منتخب ہوئیں۔ آٹھویں مرتبہ منتخب ہونے والے قائم علی شاہ بلدیات، قومی اسمبلی اور سینیٹ کے رکن بھی رہ چکے ہیں۔

Leave a reply