سوشل میڈیا پر دولت کی نمائش کرنیوالے افراد ایف بی آر کے ریڈار پر آ گئے

فیڈرل بورڈ آف ریونیو (ایف بی آر) نے سوشل میڈیا پر شاہانہ طرزِ زندگی کی نمائش کرنے والے افراد کے خلاف کریک ڈاؤن کا آغاز کر دیا ہے۔
ایف بی آر حکام کا کہنا ہے کہ قیمتی بنگلوں، لگژری گاڑیوں، زیورات اور شادیوں میں بے تحاشہ اخراجات کی نمائش کرنے والوں کو اب جواب دہ بنایا جائے گا۔
ذرائع کے مطابق ایف بی آر کی سوشل میڈیا مانیٹرنگ ٹیم نے ایسے 1 لاکھ سے زائد بااثر اور دولت مند افراد کا ڈیٹا اکٹھا کر لیا ہے جو ویڈیوز اور تصاویر کے ذریعے اپنی پرتعیش زندگی عوام کے سامنے پیش کرتے ہیں۔
ذرائع نے انکشاف کیا ہے کہ بعض شادیوں میں 20،000 ڈالر تک مالیت کے لباس استعمال کیے جا رہے ہیں، جبکہ ایسی تقریبات میں کی جانے والے اخراجات کا حجم ان افراد کے ٹیکس گوشواروں سے مطابقت نہیں رکھتا۔ایف بی آر ان افراد کے گزشتہ سال کے انکم ٹیکس گوشواروں کا اس سال کے طرزِ زندگی سے موازنہ کرے گا، اور ایسے افراد جو اپنی آمدن یا اخراجات درست طور پر ظاہر نہیں کر رہے، ان کے خلاف کارروائی کی جائے گی۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ ایف بی آر مجموعی گوشواروں میں سے 80 فیصد کا آڈٹ کرے گا، اور دولت کی نمائش کرنے والوں کو اپنی آمدن کے ذرائع ثابت کرنے ہوں گے۔ جو افراد سالانہ آمدن میں نمایاں اضافے کے باوجود اسے گوشواروں میں ظاہر نہیں کرتے، وہ بھی پکڑ میں آئیں گے۔
ایف بی آر حکام کا کہنا ہے کہ ایسے افراد جو قانونی کارروائی سے بچنا چاہتے ہیں، وہ فوری طور پر اپنے ٹیکس ریٹرن اپ ڈیٹ کریں۔ اپ ڈیٹڈ اور مکمل معلومات فراہم کرنے والوں کے خلاف فی الحال کوئی کارروائی نہیں کی جائے گی۔















