سیاحت کا فروغ:جشن ِ آزادی منانے کیلئے سیاحوں نے مری کا رخ کر لیا

پاکستان کا78 ویں یوم آزادی پرسیاحت کا فروغ،ملک بھر سے سیاحوں کی بڑی تعدادنے جشن آزادی کی خوشیاں منانے کیلئے ملکہ کوہسار مری کا رخ کر لیا۔
مال رو ڈ سمیت مری کے مختلف تفریحی مقامات پر سیاحوں کی بڑی تعداد نے خوشگوار موسم میں رات گئے تک جشن آزادی منایا۔گزشتہ برسوں کی طرح اس سال بھی پاکستان کا78 واں جشن آزادی منانے کیلئے ملک بھر سے سیاحوں کی بڑی تعداد ملکہ کوہسار مری پہنچ گئی۔
مری مال روڈ پررات بارہ بجتے ہی سیاح فیملیز نے خوب ہلا گلا کیا اورآتش بازی کیساتھ پاکستان زندہ باد کے نعرے لگائے۔
وفاقی دارالحکومت اسلام آباد سے صرف ایک گھنٹے کی مسافت پر واقع مری شہر سارا سال ملکی و غیر ملکی سیاحوں کی توجہ کا مرکزبنا رہتا ہے۔ خاص طورپرگرمیوں کے موسم میں سرسبز و شاداب اور سردیوں میں ملکہ کوہسار کی برف پوش سفید چوٹیاں سیاحوں کیلئےبہت کشش کا باعث ہوتی ہیں،یہی وجہ ہے کہ گرمیوں اور سردیوں دونوں موسموں میں سیاح یہاں کھنچے چلے آتے ہیں۔
موسم گرما کی تعطیلات کے علاوہ عیدین اور 14 اگست کے موقع پر ملکہ کوہسار مری شہر میں جشن کا سماں ہوتا ہے۔