سیلاب متاثرین کیلئے بڑا ریلیف: اگست کے بجلی کے بل معاف، 25 لاکھ صارفین کو فائدہ

0
14

سیلاب متاثرین کے لئے  بڑا ریلیف ،حکومت نےماہ اگست کے بجلی کے بل معاف کردئیے، 25 لاکھ صارفین کو فائدہ پہنچےگا۔
ذرائع کےمطابق سیلاب سے متاثرہ علاقوں کے لیے حکومت کی جانب سے بجلی کے بلوں میں بڑا ریلیف دیا گیا ہے۔ سیلاب متاثرہ علاقوں میں اگست کے ماہ میں بجلی استعمال کرنے والے گھریلو صارفین کے بل مکمل طور پر معاف کر دیے گئے ہیں، جب کہ وہ صارفین جنہوں نے بل پہلے ہی ادا کر دیے تھے، ان کی رقم موجودہ بل میں ایڈجسٹ کر دی گئی ہے۔
ذرائع پاور ڈویژن کے مطابق گھریلو صارفین کی تمام کیٹیگریز کے اگست کے بل معاف کیے گئے ہیں، جب کہ کمرشل، زرعی اور دیگر کیٹیگریز کے بل دسمبر 2025 تک مؤخر کر دیے گئے ہیں۔
موخر شدہ بل جنوری سے جون 2026 تک چھ ماہ کی اقساط میں وصول کیے جائیں گے۔زرعی اور کمرشل صارفین کے اگست کے بجلی بل بھی دسمبر تک مؤخر کیے گئے ہیں، اور ان صارفین کو بل قسطوں کی صورت میں ادا کرنا ہوں گے۔
گھریلو صارفین کو 11 ارب روپے کے بل معاف کیے گئے ہیں،جب کہ کمرشل اور زرعی صارفین کو 6 ارب روپے کے بل موخر کر کے مجموعی طور پر 17 ارب روپے کا ریلیف دیا گیا ہے۔اس اقدام سے 25 لاکھ سے زائد صارفین کو فائدہ پہنچا ہے۔
پاور ڈویژن کے ذرائع کا کہنا ہے کہ جن گھریلو صارفین نے اگست کے بل ادا کر دیے تھے، ان کو رقم اسی ماہ کے بل میں واپس (ریفنڈ) کر دی گئی ہے۔کمرشل اور زرعی صارفین کو بھی چار ماہ تک بلوں میں ریلیف دیا گیا ہے، جب کہ جنوری سے جون تک ان صارفین کے بلوں میں ایک مقررہ (فکسڈ) رقم شامل کی جائے گی۔
ذرائع کے مطابق یہ فیصلہ سیلاب متاثرہ صارفین کی مشکلات کو مدِنظر رکھتے ہوئے کیا گیا ہے تاکہ انہیں فوری مالی ریلیف فراہم کیا جا سکے۔

Leave a reply