شاہین آفریدی نےکوچ سےمعافی کیوں مانگی؟

0
23

پاکستان کرکٹ ٹیم کے فاسٹ بولر شاہین شاہ آفریدی کی ورلڈ کپ سے قبل دورہ انگلینڈ کے موقع پر قومی ٹیم کے بیٹنگ کوچ محمد یوسف سے تکرار ہوئی، غلطی پر شاہین شاہ آفریدی نے معافی مانگ لی۔
فاسٹ بولر شاہین آفریدی کے حوالے سے گزشتہ روز خبریں سامنے آئی تھیں کہ چیئرمین پی سی بی محسن نقوی کو ان کے رویے کے حوالے سے شکایت کی گئی تھی کہ ان کا کوچز سے رویہ مناسب نہیں تھا۔
اس حوالے سے مزید چھان بین کرنے پر معلوم ہوا ہے کہ شاہین آفریدی کی بیٹنگ کوچ محمد یوسف سے تلخی ہوئی تھی جو شدت اختیار کر گئی تھی، واقعہ ورلڈ کپ میں نہیں بلکہ اس سے قبل انگلینڈ کے دورے کے موقع پر پیش آیا تھا ۔
اطلاعات کے مطابق ہینڈنگلے میں نیٹ پریکٹس کے دوران شاہین شاہ آفریدی نے کوچ اور سلیکٹر محمد یوسف کے ساتھ بدتمیزی کی تھی، محمد یوسف نشاندہی کررہے تھے کہ آپ بار بار نوبال کررہے ہیں، اس مداخلت کا شاہین شاہ آفریدی نے برا منایا تھا اور دونوں کے درمیان بحث ہوئی جو شدت اختیار کر گئی تھی۔
بعد ازاں ٹیم مینجمنٹ نے شاہین شاہ آفریدی کی سرزنش کی، جس پر شاہین شاہ آفریدی کو بھی اپنی غلطی کا احساس ہوا جس پر انہوں نے ٹیم کے سامنے محمد یوسف سے معافی مانگی، فاسٹ بولر کی جانب سے معافی مانگنے کے بعد مینجمنٹ نے معاملے کو رفع دفع کردیا تھا۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ مینجمنٹ کی نظر میں یہ واقع ”ہیٹ آف دی مومنٹ“ تھا اور اسے غیر معمولی تصور کرنے کا کوئی جواز نہ تھا۔
کوچز نے اپنی رپورٹ میں ورلڈکپ کے دوران بھی شاہین کے رویے کی شکایت کی ہے، شاہین شاہ آفریدی کے ساتھ مزید 2 سے 3 کھلاڑیوں کے خلاف شکنجہ سخت کرنے پر بھی مشاورت ہوئی ہے۔
بنگلہ دیش کے خلاف ہوم سیریز میں ڈومیسٹک کے پرفارمرز کو زیادہ موقع دینے پر اتفاق ہوا ہے، دو ٹیسٹ میچز کی تیاری کے لیے تربیتی کیمپ راولپنڈی میں لگانے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔
سلیکشن کمیٹی ارکان چالیس سے زیادہ کھلاڑیوں کا ایک پول آف پلیئرز بنانے پر غور کررہے ہیں جس میں ان کھلاڑیوں کو ترجیح دی جائے گی جن کی پرفارمنس کے ساتھ فٹنس بھی انٹرنیشنل معیار کی ہوگی۔
کوچز نے اپنی رپورٹ میں اس بات کا بطور خاص ذکر کیا ہے کہ پاکستان کھلاڑیوں کی فٹنس انٹرنیشنل معیار کی نہیں۔اسی فٹنس کے ساتھ بہتر رزلٹ نہیں ملیں گے۔

Leave a reply