صدر پر کالا جادو کر دیا گیا ، دو اہم وزرا گرفتار

0
51

مالدیپ میں صدر محمد معیزو پر کالا جادو کرنے کے الزام میں وزیر مملکت ماحولیات فاطمہ شمناز سلیم اور ان کے سابق شوہر آدم رمیز کو گرفتار کرلیا۔

مقامی میڈیا کے مطابق شمناز سلیم کے سابق شوہر آدم رمیز بھی وزیر کے عہدے پر فائز تھے اور دونوں کو گزشتہ روز ہی عہدوں سے برطرف کیا گیا تھا اور آج ان کی گرفتاری ظاہر کر دی گئی۔پولیس ذرائع نے میڈیا کو بتایا کہ ماحولیات کی وزیر مملکت شمناز سلیم کو 2 دیگر افراد کے ہمراہ اتوار کو گرفتار کر کے 7 دن کے لیے ریمانڈ پر بھیج دیا گیا تھا۔

مالدیپ کے آئین میں کالے جادو کی کوئی سزا متعین نہیں ہے البتہ شرعی قوانین کے تحت کالے جادو پر 6 ماہ قید کی سزا ہوسکتی ہے۔ یاد رہے کہ محمد معیزو جب میئر تھے تو شمناز اور رمیز سٹی کونسل کے ممبر تھے اور تینوں کے درمیان دوستانہ تعلقات تھے۔ گزشتہ برس نومبر میں معیزو کے صدر بننے پر شمناز کو پہلے صدر کی سرکاری رہائش گاہ ملیاج میں وزیر مملکت اور پھر وزارت ماحولیات منتقل کیا گیا تھا۔

مقامی میڈیا کے مطابق شمناز سلیم کے سابق شوہر رمیز 6 ماہ سے زائد عرصے سے عوامی منظر نامے سے غائب ہیں اور اپنے ساتھی محمد معیزو کے صدر بننے کے بعد سے مکمل خاموش ہیں۔مالدیپ کی حکومت اور صدارتی دفتر نے ابھی تک اس معاملے پر کوئی بیان نہیں دیا جب کہ پولیس نے دونوں وزرا کی گرفتاری میں کالے جادو کے عنصر کی تردید یا تصدیق کرنے سے گریز کیا۔

Leave a reply