فیلڈ مارشل عاصم منیر نے اوورسیزپاکستانیوں کو سفیر قرار دیدیا

0
10

فیلڈ مارشل سیدعاصم منیر نے اوورسیزپاکستانیوں کو سفیر قرار دےدیا۔
پاک فوج کےشعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر)کےمطابق چیف آف آرمی اسٹاف فیلڈ مارشل سید عاصم منیر سرکاری دورے پر امریکا میں موجود ہیں۔
آئی ایس پی آر نے بتایا کہ دورے کے دوران فیلڈ مارشل نے واشنگٹن ڈی سی میں مقیم اوورسیز پاکستانی کمیونٹی سے ملاقات کی، جہاں انہیں بھرپور پذیرائی ملی، بڑی تعداد میں پاکستانی کمیونٹی نے آرمی چیف سے ملاقات کے لیے شرکت کی۔
چیف آف آرمی اسٹاف فیلڈ مارشل عاصم منیر نے ملک کو درپیش چیلنجز کا مل کر مقابلہ کرنے کے لیے اوورسیز پاکستانی کمیونٹی سے روابط کے تسلسل اور باہمی تعاون کو مزید فروغ دینے کی ضرورت پر زور دیا ہے۔
ترجمان پاک فوج کے مطابق اوورسیز پاکستانیوں نے حالیہ آپریشن بنیانِ مرصوص ، معرکۂ حق میں پاک فوج کی بہادری اور پیشہ ورانہ کارکردگی کو زبردست خراج تحسین پیش کیا۔
آئی ایس پی آر نے کہا کہ اپنے خطاب میں فیلڈ مارشل سید عاصم منیر نے بیرون ملک مقیم پاکستانیوں کو پاکستان کے اصل سفیر قرار دیا۔فیلڈ مارشل نے کہا کہ پاکستانی ترسیلات زر، سرمایہ کاری اور مختلف شعبہ جات میں نمایاں کامیابیوں کے ذریعے وطن کی معیشت اور عالمی ساکھ کو بہتر بنانے میں اہم کردار ادا کر رہے ہیں۔
ملاقات کے دوران اوورسیز پاکستانیوں نے اپنے خیالات، تجربات اور تجاویز کا تبادلہ کیا جسے سپہ سالار نے نہایت سنجیدگی سے سنا۔فیلڈ مارشل نے اوورسیز کمیونٹی سے روابط کے تسلسل اور باہمی تعاون کو مزید فروغ دینے کی ضرورت پر زور دیا تاکہ درپیش چیلنجز کا مل کر مقابلہ کیا جا سکے۔
آئی ایس پی آر کے مطابق یہ ملاقات ایک نئے عزم اور جذبے کے ساتھ اختتام پذیر ہوئی، فیلڈ مارشل اور اوورسیز پاکستانیوں نے محفوظ، خوشحال اور مضبوط پاکستان کے لیے مل کر کام کرنے کے عزم کا اعادہ کیا۔

Leave a reply