قائداعظم محمد علی جناحؒ کی 77 ویں برسی عقیدت واحترام کیساتھ منائی جارہی ہے

0
4

آج پوری پاکستانی قوم قائداعظم محمد علی جناحؒ جنہوں نےبرِصغیر کے مسلمانوں کیلئے الگ ریاست کے قیام اور برصغیرکا نقشہ تبدیل کرکے انگریز اور کانگریس کو تنہا شکست دینے والی تاریخ ساز شخصیت  کی 77 ویں برسی انتہائی عقیدت و احترام کےساتھ منائی رہی ہے۔
25 دسمبر 1876 کوکراچی میں پیدا ہونے والےمحمد علی جناح نے ابتدائی تعلیم کا آغاز 1882 میں اپنے آبائی شہر سے کیا اور 1893 میں اعلیٰ تعلیم کے حصول کے لئے انگلینڈ چلے گئے۔ 1896 میں قائد اعظم نے بیرسٹری کا امتحان پاس کیا اور وطن واپس لوٹ آئے۔
پہلے کانگریس کے ساتھ آزادی کی جدوجہد میں کاندھے سے کاندھا ملایا لیکن جب احساس ہوا کہ بٹوارے کے بغیر کوئی چارہ نہیں تو مسلمانوں کیلئے علیحدہ ریاست کیلئے دن رات ایک کردیا۔1937 میں مولانا مظہرالدین نےانہیں’’قائداعظم‘‘کا لقب دیا۔
محمد علی جناح نےگاندھی اور نہرو جیسے گھاگ سیاستدانوں کو سیاسی میدان میں مات دی،لارڈ ماؤنٹ بیٹن کےعزائم کےسامنےسیسہ پلائی دیوار بنے رہے، اپنوں کے گِلے دور کئے اور انہیں پاکستان کی جدوجہد میں شامل کیا ۔ ان کی ولولہ انگیز قیادت میں مسلمانان ہند نے الگ وطن ’’پاکستان‘‘ حاصل کیا اور انگریزوں کے تسلط سے چھٹکارا پایا۔
آزادی کے بعد بکھرے ہوئے پاکستان کو مستحکم کرنے کیلئے قائداعظم نے آخری حد تک کوششیں کیں لیکن زندگی نے زیادہ موقع نہ دیا اور برصغیر کے مسلمانوں کا یہ نجات دہندہ 11 ستمبر 1948 کو جہانِ فانی سے کوچ کرگیا،گو کہ پاکستان کی تاریخ کا یہ سب سے درخشاں ستارہ جسمانی طور پر ہمارے درمیان موجود نہیں مگر ان کا وژن، اصول اور قربانیاں آج بھی ہمارے لیے مشعلِ راہ ہیں۔

Leave a reply