لاہور: پاکستان مسلم لیگ ن کے نئے صدر کے انتخاب کا معاملہ

0
54

پاکستان ٹوڈے: پارٹی کی مرکزی جنرل کونسل کا اجلاس آج مقامی ہوٹل میں ہو گا

تفصیلات کے مطابق جنرل کونسل کے اجلاس سے قبل صدر کے عہدے کے لئے کاغذات نامزدگی جمع کروائے جائیں گے, پارٹی کے الیکشن کمیشن کے اراکین پارٹی سیکرٹریٹ ماڈل ٹاؤن میں امیدواروں کے کاغذات نامزدگی جمع کرینگے۔

کاغذات نامزدگی صبح 10 بجے سے دوپہر 12 بجے تک جمع کروائے جا سکیں گے، دوپہر 1 سے 2 بجے تک کاغذات نامزدگی کی جانچ پڑتال کی جائے گی، کاغذات نامزدگی کی جانچ پڑتال کے وقت تمام تجویز کنندگان اور تائید کنندگان کا موقع پر موجود ہونا ضروری ہو گا۔

دوپہر ڈھائی بجے تک کاغذات نامزدگی واپس لئے جا سکیں گے، سہہ پہر 3 بجے امیدواروں کی حتمی فہرست جاری کر دی جائے گی، پارٹی کی جنرل کونسل کا اجلاس 4 بجے نئے صدر کے انتخاب کے لئے ووٹنگ کرے گی۔

نئے پارٹی صدر کے انتخاب کے لئے جنرل کونسل اجلاس میں شو آف ہینڈ کا طریقہ کار اختیار کیا جائے گا، ایک ہی امیدوار میدان میں ہوا تو اسے بلامقابلہ فاتح قررا دیا جائے گا، بلامقابلہ منتخب ہونے والے صدر کی بھی جنرل کونسل سے توثیق کروائی جائے گی۔

جنرل کونسل کے اجلاس کے لئے مقامی ہوٹل میں تمام تر تیاریاں مکمل کر لی گئیں، ملک بھر سے جنرل کونسل کے ساڑھے 3 ہزار اراکین اجلاس میں شریک ہوں گے، جنرل کونسل اجلاس میں قائد نواز شریف، قائم مقام پارٹی صدر شہباز شریف، چیف آرگنائزر مریم نواز شریک ہوں گی۔

چاروں صوبوں، آزاد کشمیر، گلگت بلتستان سمیت مرکزی، صوبائی، ڈویژنل، ضلعی و تحصیل و ٹاون سطح کے عہدیدار بھی اجلاس میں شریک ہوں گے، جنرل کونسل اجلاس کا ایجنڈہ جاری کر دیا گیا، اجلاس کا باقاعدہ آغاز تلاوت کلام پاک اور نعت رسول سے ہو گا۔

باقاعدہ آغاز کے بعد پارٹی کے مرکزی سیکرٹری جنرل احسن اقبال افتتاحی کلمات سے شرکا کو خوش آمدید کہیں گے، اس کے بعد پارٹی کے آئین میں ترامیم تجویز کی جائیں گی اور شرکا سے ان کی منظوری لی جائے گی، اس کے بعد صدر کے عہدے کے لئے ووٹنگ کا عمل ہو گا۔

چیف الیکشن کمشنر رانا ثناء اللہ صدر کے انتخاب کے حوالے سے الیکشن کمیشن کے فیصلے کا اعلان کرینگے، مقبوضہ کشمیر و فلسطین کے مسلمانوں سے اظہار یکجہتی سمیت مختلف امور پر قراردادیں پیش اور منظور کی جائیں گی۔

قراردادوں کی منظوری کے بعد قائم مقام صدر شہباز شریف اجلاس سے خطاب کرینگے۔ نومنتخب صدر مرکزی جنرل کونسل کے اجلاس سے خطاب میں اپنا ویژن پیش کرینگے، پروگرام کے اختتام پر دعا بھی کروائی جائے گی۔

Leave a reply