مری : سال نو کا جشن اور برفباری دیکھنے آنیوالے سیاحوں کیلئے ایڈوائزری جاری

0
48

سال نو کا جشن منانے اور برفباری کے شوقین سیاحوں کیلئے خوشخبری،ملکہ کوہسار مری اور گلیات میں برفباری سے لطف اندوز ہونے کیلئے آنیوالے سیاحوں کیلئے ایڈوائزری جاری کردی گئی۔
ملکہ کوہسار مری میں برفباری کا سلسلہ جاری ہے، اس حوالے سے ٹریفک پولیس نے یہاں آنیوالے ملکی و غیر ملکی سیاحوں کیلئے ٹریفک ایڈوائزری جاری کردی ہے۔مری اور گلیات میں برفباری کے بعد سردی کی شدت میں اضافہ ہو گیا ہے ، ایوبیہ ، نتھیا گلی، چھانگلہ گلی اور باڑیاں میں 3 سے چار انچ برفباری ہوچکی ہے ، لہٰذاکسی بھی ناخوشگوار واقعہ سے بچنے کیلئے جاری ٹریفک ایڈوائزری میں ایس پی ٹریفک مری کا کہنا ہے کہ مری جانے کیلئے سیاح اچھی گاڑی کا انتخاب کریں ، صرف لائسنس ہولڈر ڈرائیور کو مری داخلہ کی اجازت دی جائے گی۔
ان کا کہنا ہے کہ منفی درجہ حرارت کے باعث شہری گاڑی میں اینٹی کولنگ لیکوئڈ کا استعمال کریں، برفباری کے دوران گاڑی کے ٹائروں پر چین کا استعمال کیا جائے، گاڑی میں ہیٹر کے استعمال کی صورت میں شیشے مکمل بند نہ کریں، برفباری کے دوران گاڑی کی رفتار کم اور اوور ٹیکنگ سے گریز کیا جائے۔
مری میں برفباری اور نئے سال کی تقریبات کے حوالے سے منعقدہ اجلاس میں ملکہ کوہسار مری کی ضلعی انتظامیہ کو ضروری ہدایات جاری کی گئی ہیں۔اجلاس میں بتایا گیا کہ مری میں سیاحوں کو بروقت سہولیات کی فراہمی یقینی بنائی جائے گی، ڈپٹی کمشنر مری کی سربراہی میں کمیٹی کنٹرول روم میں بیٹھ کر فیصلے کرے گی،مقررہ تعداد سے زائد گاڑیاں مری میں داخل نہیں ہو سکیں گی، نیو ائیر نائٹ اور برفباری ایک ساتھ متوقع ہیں،لہٰذا تمام انتظامات مکمل رکھے جائیں۔
ملکہ کوہسار مری آنیوالےسیاحوں سے بھی اپیل کی گئی ہے کہ وہ انتظامیہ کی طرف سے جاری کی گئی ایڈوائزری پر عمل کریں۔ ملکہ کوہسار مری میں سیاحوں کیلئے 13 سہولت مراکز مرکزی کنٹرول روم سے منسلک ہوں گے، جبکہ فورک لفٹرز کی تعداد اور ٹریفک پولیس نفری میں بھی اضافہ کر دیا گیا ہے۔

Leave a reply