
وفاقی وزیرخزانہ سینیٹرمحمداورنگزیب نےکہاہےکہ معاشی اشاریے میں بہتری ہوئی، شرح سود میں جلد مزید کمی کا اعلان بھی کیا جائے گا۔
راولپنڈی چیمبر آف کامرس کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وفاقی وزیرخزانہ محمداورنگزیب کاکہنا تھا کہ پاکستان کی معاشی کارکردگی کو عالمی مالیاتی ادارے سراہ رہے ہیں، اور ایک تیسری عالمی ریٹنگ ایجنسی بھی جلد پاکستان کی معاشی بہتری کا اعتراف کرے گی۔
سینیٹر اورنگزیب کامزیدکہناتھاکہ گزشتہ ڈیڑھ سال میں معیشت میں استحکام آیا ہے، اور پالیسی ریٹ میں واضح کمی کی گئی ہے، جس میں مزید کمی کی گنجائش بھی موجود ہے۔ ان کے مطابق جلد ہی شرح سود میں مزید کمی کا باضابطہ اعلان کیا جائے گا۔
اُن کاکہناتھاکہ ایس ایم ای سیکٹر کو جاری قرضوں میں 41 فیصد اضافہ ہوا ہے، جو ایک بڑی پیش رفت ہے، تاہم جیسے جیسے قرضوں کی ادائیگیاں ہوں گی، صورتحال مزید بہتر ہو گی۔ ریاستی اداروں کی نجکاری تیزی سے جاری ہے اور حکومتی اخراجات کم کرنے کے لیے اقدامات کیے جا رہے ہیں۔
وزیر خزانہ کامزیدکہناتھاکہ پہلی مرتبہ زرعی آمدنی کو بھی ٹیکس نظام کا حصہ بنایا گیا ہے، اور ٹیکس نیٹ بڑھانے کے سوا کوئی دوسرا راستہ موجود نہیں۔جتنی مالی گنجائش تھی، اس کے مطابق تنخواہ دار طبقے کو ریلیف دیا جا چکا ہے، اور ان پر مزید بوجھ نہیں ڈالا جائے گا۔ اقتصادی اشاریے بہتری کی طرف اشارہ کر رہے ہیں، اور آئی ایم ایف معاہدے بھی معاشی ترقی کے لیے کیے جا رہے ہیں۔