ملکی دفاع ناقابل تسخیر:پاک فوج کا فتح۔4 کروز میزائل کا کامیاب تجربہ

ملکی دفاع ناقابل تسخیر،پاک فوج نے فتح۔4 کروز میزائل کا کامیاب تجربہ کرلیا۔
پاک فوج نے مقامی طور پر تیار کردہ زمین سے زمین پر مار کرنے والے فتح- 4 کروز میزائل کا کامیاب تجربہ کیا ہے، جو 750 کلومیٹر تک ہدف کو نشانہ بنانے کی صلاحیت رکھتا ہے۔یہ جدید میزائل جدید ایویونکس اور نیویگیشنل سسٹمز سے لیس ہے، اور دشمن کے میزائل ڈیفنس سسٹمز کو شکست دینے کی بھرپور صلاحیت رکھتا ہے۔
ٹیرین-ہگنگ (زمین سے قریب پرواز کرنے کی) خصوصیت کی بدولت یہ میزائل انتہائی درستگی سے اپنے ہدف کو نشانہ بنا سکتا ہے۔فتح-4 کو آرمی راکٹ فورس کمانڈ کے حوالے کر دیا گیا ہے، جو پاک فوج کے میزائل نظام کو مزید طاقت اور اثر انگیزی فراہم کرے گا۔
اس کامیاب تجربے سے پاک فوج کے میزائل نظام کی رینج، مہارت اور بقا میں خاطر خواہ اضافہ ہوگا۔میزائل لانچنگ کی تقریب میں چیف آف جنرل اسٹاف نے شرکت کی، جبکہ پاک فوج کے سینئر افسران، سائنسدانوں اور انجینئرز بھی اس موقع پر موجود تھے۔
کامیاب تجربے پر صدر، وزیراعظم اور چیئرمین جوائنٹ چیفس آف اسٹاف کمیٹی نے قوم، مسلح افواج، سائنسدانوں اور انجینئرز کو مبارکباد دی۔
سروسز چیفس نے بھی اس کامیاب ٹریننگ فائر پر اظہارِ مسرت کیا۔قومی قیادت نے اس کامیاب تجربے پر مکمل اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے میزائل تجربے میں شریک فوجی جوانوں، سائنسدانوں اور انجینئرز کو خراج تحسین پیش کیا۔