منفرد سیاحتی منصوبہ:مملکت کی پہلی 5 سٹار ٹرین کا حتمی ڈیزائن سامنے آگیا

0
4

سعودی عرب میں سیاحت کے فروغ کیلئے اہم اقدام،ملکی و غیر ملکی سیاحوں کیلئے لگژری ٹرین کا اہتمام،مملکت میں پہلی 5 سٹار ٹرین ڈریم آف دی ڈیزرٹ کا حتمی ڈیزائن سامنے آگیا۔
سعودی عرب کے شہروں ریاض سے قریات تک چلنے والی یہ ٹرین 780 میل کا فاصلہ سعودی صحرائی خطے میں طے کرے گی۔سعودی عرب ریلویز اور اطالوی کمپنی آرسنیل Arsenale کے اس مشترکہ منصوبے کے تحت ٹرین سروس کا آغاز 2026 کے آخر میں ہوگا۔یہ ٹرین 14 بوگیوں پر مشتمل ہوگی، جن میں 34 پرتعیش کمرے موجود ہوں گے۔ٹرین کی بوگیوں کے اندرونی حصوں کو باہر سے نظر آنیوالے صحرائی مناظر اور اسلامی طرز تعمیر کے مطابق تیار کیا جائے گا، جبکہ ٹرین کا ریسیپشن ایریا دیکھنے میں سعودی عرب کے روایتی ملاقاتی کمروں جیسا ہوگا۔
اس کی دیواروں پر سعودی ثقافت کو ظاہر کرنیوالے خصوصی آرٹ فن پارے لگائے جائیں گے، جبکہ آرام کرنے اورسونے کے کمروں میں صوفے ، لکڑی کے پینلز پر مشتمل دیواریں اور آرٹ ڈیکور سٹائل لیمپس موجود ہوں گے۔
یوں اس ٹرین کا سفر پرتعیش ہونے کے ساتھ سعودی ثقافت کا بھی مظہر ہو گا۔ٹرین کےمسافروں اور سیاحوں کو کھانے میں سعودی پکوانوں کے ساتھ بین الاقوامی کھانوں سے لطف اندوز ہونے کا موقع ملے گا۔اس ٹرین کا سفر 2 دنوں پر مشتمل ہوگا اور اس دوران یہ سعودی عرب کے حیران کن صحرائی مقامات سے گزرے گی۔
سعودی ریلویزکے مطابق ڈریم آف دی ڈیزرٹ سے سیاحوں اور مقامی رہائشیوں کو سعودی عرب کے مزید خطے دیکھنے کا موقع پرتعیش سہولیات کے ساتھ ملے گا۔اس کے ذریعے سیاح سعودی عرب میں واقع یونیسکو کے عالمی ثقافتی ورثے میں شامل مقامات اور شاہ سلمان بن عبدالعزیز رائل نیچرل ریزرو کو بھی دیکھ سکیں گے۔

Leave a reply