مکہ مکرمہ:غارِ حرا کے دامن میں واقع حرا ثقافتی مرکز میں نئے بلاک کا اضافہ

مذہبی سیاحت و ثقافت کا فروغ ،مکہ مکرمہ میں غار حرا کے دامن میں واقع حراء ثقافتی مرکز میں نئے بلاک کا اضافہ کر دیا گیا، جس میں نمائش کیلئے قدیم قرآن پاک کے نسخوں کے ساتھ سب سے بڑا قرآن پاک بھی رکھا گیا ہے۔
غار حراء میں خاتم النبیین حضرت محمدﷺ پر پہلی وحی نازل ہونے کے ساتھ قرآن پاک کے نزول کا عمل شروع ہوا، جو سرچشمہ ہدایت اور راہ نجات ہے۔حراء ثقافتی مرکز کے قرآن کمپلیکس کے نئے بلاک میں 14 سو سال کے مختلف ادوار میں لکھے گئے قرآن پاک کے نایاب نسخوں کو رکھا گیا ہے، جبکہ دنیا کا سب سے بڑا قرآن پاک کا نسخہ بھی دنیا بھر کے زائرین کی توجہ کا مرکز ہے۔
قرآن میوزیم میں قرآن پاک کو لکھنے کے قدیم عمل سمیت جدید دور میں قرآن پاک کی اشاعت کے حوالے سے آگہی دی جا رہی ہے۔اس کے علاوہ غلافِ کعبہ کا ٹکڑا اور بیت اللّٰہ شریف کے دروازے کے ماڈل، غار حراء کا ماڈل بھی پیش کیا گیا ہے ،جس میں روزانہ سیکڑوںزائرین حراء میوزیم کا رُخ کر کے انبیاء کرام کے حالات و واقعات سے روشناس ہونے کے ساتھ نزول ِقرآن اور اس کی فضیلت کے حوالے سے آگہی اور شعور حاصل کر رہے ہیں۔















