میٹرک پوزیشن ہولڈرزکیلئےخوشخبری،ترکیہ وزٹ پروگرام کاآغاز

میٹرک پوزیشن ہولڈرز کیلئے ترکیہ وزٹ پروگرام ،وفاقی حکومت نے تمام تعلیمی بورڈز کے میٹرک پوزیشن ہولڈرز کیلئے ترکیہ کے دورے کے پروگرام کا آغاز کر دیا ۔
یہ پروگرام وزارتِ وفاقی تعلیم و پیشہ ورانہ تربیت اور ڈائریکٹوریٹ جنرل آف امیگریشن اینڈ پاسپورٹس کے اشتراک سے منعقد کیا جائے گا، جس کے تحت میٹرک پوزیشن ہولڈرز سرکاری پاسپورٹس پر ترکیہ کا سفر کریں گے۔
آئی بی سی سی کے نوٹیفکیشن کے مطابق اس پروگرام میں شامل طلبا کو چند شرائط پوری کرنا ہوں گی، جن میں کسی سرکاری ہسپتال سے میڈیکل فٹنس سرٹیفکیٹ حاصل کرنا، والدین یا سرپرست کا تحریری اجازت نامہ، دو عدد سفید شلوار قمیص کے جوڑے اور جوتے ساتھ رکھنا شامل ہے۔
آئی بی سی سی کے مطابق طلبا کی سہولت کیلئے متعلقہ بورڈز پک اینڈ ڈراپ کی سہولت بھی فراہم کریں گے، تمام تعلیمی بورڈز کو ہدایت دی گئی ہے کہ منتخب طلبا کے پاسپورٹ اور دیگر مطلوبہ دستاویزات 19 ستمبر 2025 تک آئی بی سی سی سیکریٹریٹ اسلام آباد بھجوا دی جائیں ،تاکہ ترک حکام کے ساتھ بروقت کارروائی اور ہم آہنگی ممکن ہو سکے۔
تمام بورڈز کے چیئرمین اس پروگرام کی نگرانی اور طلبا کو رسمی کارروائی مکمل کرنے میں مدد فراہم کریں گے اور اس بات کو یقینی بنائیں گے کہ پروگرام خوش اسلوبی سے آگے بڑھے، ان انتظامات کے ساتھ ترکیہ کا یہ دورہ پاکستان کے میٹرک پوزیشن ہولڈرز کیلئے ایجوکیشن ٹورازم کا تجربہ ثابت ہوگا۔