نیپال: بدعنوانی اور سوشل میڈیا پر پابندیوں کیخلاف ہزاروں لوگوں کااحتجاج، 6افرادہلاک

نیپال میں بدعنوانی اور سوشل میڈیا پر عائد پابندیوں کے خلاف ہزاروں نوجوان سڑکوں پر نکل آئے اور پارلیمنٹ ہاؤس کا گھیراؤ کر لیا۔ہنگامہ آرائی میں 6افرادہلاک ہوگئے۔
غیرملکی خبررساں ایجنسی کی رپورٹ کےمطابق مظاہرین حکومت مخالف نعرے لگاتے رہے اور فوری اصلاحات کا مطالبہ کرتے رہے۔احتجاج کے دوران پولیس اور مظاہرین کے درمیان شدید جھڑپیں ہوئیں،جس کے نتیجے میں کم از کم 6 افراد ہلاک اور درجنوں زخمی ہو گئے۔
پولیس نے مظاہرین کو منتشر کرنے کے لیے آنسو گیس اور لاٹھی چارج کا استعمال کیا جبکہ مظاہرین نے بھی پتھراؤ کیا اور بیریئر توڑنے کی کوشش کی۔ کئی علاقوں میں کشیدگی بدستور برقرار ہے اور مزید جھڑپوں کا خدشہ ظاہر کیا جا رہا ہے۔
مظاہرین کا مطالبہ ہے کہ حکومت فوری طور پر سوشل میڈیا پر لگائی گئی پابندیاں ختم کرے اور کرپشن کے خلاف عملی اقدامات کرے۔
واضح رہےکہ جمعرات کےروزنیپالی حکومت نےسرکاری نوٹس کےذریعےٹیلی کمیونیکیشن اتھارٹی کو ہدایت دی تھی کہ جو سوشل میڈیا پلیٹ فارمز حکومتی شرائط پر پورا نہیں اترتے انہیں فوری طور پر غیر فعال کردیا جائے۔