وزیراعظم سےایم ڈی آئی ایم ایف کی ملاقات: شہباز شریف کاسیلاب سے نقصانات کوجائزہ میں شامل کرنےپرزور

0
4

وزیراعظم سےبین الاقوامی مالیتی فنڈز(آئی ایم ایف )کی منیجنگ ڈائریکٹر کرسٹالینا جارجیوا نے ملاقات کی۔شہبازشریف نے حالیہ سیلاب سے ہونے والے معاشی نقصانات کو آئی ایم ایف کے جائزے میں شامل کرنے کی ضرورت پر زور دیا۔
ملاقات کے دوران وزیراعظم نے پاکستان کے ساتھ آئی ایم ایف کی دیرینہ اور تعمیری شراکت داری کو سراہا اور مختلف مواقع پر بروقت تعاون فراہم کرنے پر شکریہ ادا کیا۔
انہوں نے کہا کہ پائیدار اصلاحات کے نتیجے میں پاکستان کی معیشت میں استحکام کے مثبت آثار نمایاں ہونا شروع ہو گئے ہیں، اور معیشت تیزی سے بحالی کی جانب گامزن ہے۔
وزیراعظم نے آئی ایم ایف کے ساتھ جاری پروگرام کے تحت اہداف اور وعدوں کی تکمیل کی طرف مسلسل پیشرفت کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان، میکرو اکنامک نظم و ضبط اور اصلاحات کے عمل کو جاری رکھے گا۔
انہوں نے حالیہ سیلاب سے ہونے والے معاشی نقصانات کو آئی ایم ایف کے جائزے میں شامل کرنے کی ضرورت پر بھی زور دیا۔
آئی ایم ایف کی منیجنگ ڈائریکٹر کرسٹالینا جارجیوا نے پاکستان میں سیلاب سے متاثرہ افراد سے ہمدردی کا اظہار کیا اور کہا کہ متاثرین کی بحالی کے لیے نقصانات کے درست تخمینے کی اہمیت بہت زیادہ ہے۔
انہوں نے وزیراعظم شہباز شریف کی مضبوط میکرو اکنامک پالیسیوں پر عمل درآمد کے عزم کو سراہا اور کہا کہ آئی ایم ایف پاکستان کی معاشی استحکام کی کوششوں میں تعاون جاری رکھے گا۔

Leave a reply