ٹک ٹاکرسامعہ حجاب کیس میں اہم انکشاف،ملزم سابق منگیترنکلا

ٹک ٹاکر سامعہ حجاب کے اغوا اور دھمکیوں کے مقدمے میں نیا موڑ سامنے آ گیا ہے، جب سامعہ نے خود سوشل میڈیا پر ایک ویڈیو بیان میں اہم انکشافات کیے۔
سامعہ نے انکشاف کیا ہے کہ انہیں اغوا کرنے اور قتل کی دھمکیاں دینے والا شخص کوئی اور نہیں بلکہ ان کا سابق منگیتر حسن زاہد ہے۔
سامعہ حجاب نے اپنے ویڈیو بیان میں اعتراف کیا کہ حسن زاہد سے ان کی منگنی ہو چکی تھی، تاہم اس کی اصل حقیقت جاننے کے بعد انہوں نے یہ رشتہ ختم کر دیا۔یہ بیان ایسے وقت میں سامنے آیا جب سوشل میڈیا پر سامعہ اور حسن زاہد کی ملاقاتوں اور تحائف لینے کی ویڈیوز وائرل ہوئیں اور بعض صارفین نے سامعہ پر توجہ حاصل کرنے کے لیے جھوٹا ڈرامہ رچانے کے الزامات عائد کیے۔
ویڈیو میں سامعہ نے کہااگر میں بھی اپنی دوست ثنا یوسف کی طرح قتل کر دی جاتی تو لوگ ہمدردی جتاتے، لیکن چونکہ میں زندہ ہوں، تو مجھ پر الزامات لگائے جا رہے ہیں۔
انہوں نے مزید کہا کہ کسی عورت کو چاہے وہ نکاح میں ہی کیوں نہ ہو، زبردستی، تشدد یا اغوا کا نشانہ بنانا ناقابلِ قبول ہے۔
سامعہ کے مطابق منگنی ٹوٹنے کے باوجود حسن زاہد نے ان پر تشدد کی کوشش کی، موبائل فون چھینا، انہیں گھسیٹا اور اغوا کرنے کی بھی کوشش کی۔
ٹک ٹاکر نے کہا کہ وہ شدید ذہنی دباؤ کا شکار ہیں اور عوام سے اپیل کی کہ وہ حقیقت جانے بغیر رائے قائم نہ کریں۔ سامعہ نے امید ظاہر کی کہ اب انہیں انصاف ملے گا۔