ٹک ٹاک کا جنون، ایپ انسٹالیشن والے فون لاکھوں میں بکنے لگے

0
15

ٹک ٹاک کا جنون، ایپ انسٹالیشن والے فون لاکھوں میں بکنے لگے ۔ امریکا میں گزشتہ دنوں ٹک ٹک پر لگنے والی پابندی کے بعد ایپلی کیشن کو دوبارہ بحال تو کر دیا گیا ہے، لیکن تاحال ٹک ٹاک امریکی ایپ سٹورز سے غائب ہے۔
سی این این کے مطابق اس صورتحال کا فائدہ اٹھاتے ہوئے ہزاروں افراد نے ای کامرس کی ویب سائٹ ای بے پر ٹک ٹاک انسٹال کیے ہوئے فونز مہنگی قیمتوں پر فروخت کے لیے ویب سائٹ پر لسٹ کر دیے ہیں۔
میڈیا رپورٹ کے مطابق امریکا میں ٹک ٹاک کو پابندی کے بعد موبائل ایپ سٹورز سے بھی ہٹا لیا گیا تھا۔ ٹک ٹاک پر پابندی تب تک نہ ہٹائے جانے کی شرط تھی جب تک کہ اسے امریکا یا اس کے اتحادیوں میں سے کسی کمپنی کو فروخت نہ کیا جائے، تاہم سوشل میڈیا ایپ ٹک ٹاک بندش کے تقریباً 12 گھنٹے بعد واپس آ گئی جب صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے کہا کہ وہ پابندی میں تاخیر کے ایک ایگزیکٹو آرڈر پر دستخط کریں گے۔
امریکی صارفین کے لیے ٹک ٹاک تو واپس بحال ہو گیا لیکن یہ ایپ سٹورز سے اب تک غائب ہے۔لہٰذا وہ لوگ جنہوں نے ٹک ٹاک کو ڈیلیٹ کیا یا کبھی انسٹال نہیں کیا وہ اب بھی ایپ ڈاؤن لوڈ نہیں کر سکتے۔یہ بات اب تک واضح نہیں ہو سکی کہ ٹک ٹاک کی ایپ سٹور پر واپسی کب ہوگی، جس کا کچھ کاروباری افراد فائدہ اٹھا رہے ہیں۔
ویب سائٹ وائرڈ کے مطابق ای بے پر ہزاروں اشتہارات سامنے آئے ہیں جن میں ٹک ٹاک انسٹال کیے ہوئے فونز فروخت کیے جا رہے ہیں۔ان میں متعدد فونز ہزاروں ڈالر کی قیمت پر فروخت کے لیے لگائے گئے، یہاں تک کہ کچھ لوگ ایسے فونز کو دس ہزار ڈالر میں فروخت کرتے بھی دیکھے گئے۔ ای بے پر موجود ایک اشتہار یہ بھی سامنے آیا جس میں ٹک ٹاک انسٹال شدہ فون 21 ہزار ڈالر کا فروخت ہوا، لیکن یہاں یہ بات اہم ہے کہ فون ویب سائٹ پر لگائی گئی قیمت پر ہی فروخت ہونا ضروری نہیں، کیونکہ بیچنے والے خریدار کی کوئی بھی آفر قبول کر سکتے ہیں۔
دوسری جانب گزشتہ ہفتے ٹک ٹاک والے فونز کے لیے ای بے پر 27 ہزار سے زائد سرچز بھی سامنے آئیں، جس سے ان فونز کی مانگ میں اضافے کا اندازہ لگایا جا سکتا ہے۔

Leave a reply