پاکستان اور چین کے مابین اربوں ڈالر کے معاہدے،21 مفاہمتی یادداشتوں پر دستخط

0
3

پاکستان اور چین کے مابین اربوں ڈالر کے معاہدوں کی 21 مفاہمتی یادداشتوں پر دستخط کردئیےگئے۔
چین کےشہربیجنگ میں پاکستان چین بی ٹو بی سرمایہ کاری کانفرنس کاانعقاد کیا گیا، جس میں متعدد ایم او یوز اور جوائنٹ وینچرز پر دستخط کیےگئے۔ اس موقع پر نائب وزیراعظم اسحاق ڈار دیگر وفاقی وزرا ،پاکستانی اور چینی کمپنیوں کے نمائندوں نے بڑی تعدادمیں شرکت کی۔

بی ٹو بی کانفرنس کےموقع پرسرمایہ کاری کے لئے 4.2 ارب ڈالر مالیت کی 21 مفاہمت کی یادداشتوں پر دستخط کئے گئے،جس میں جوائنٹ وینچرز ہائی ٹیک، زراعت اور میڈیکل سے متعلق کمپنیوں کے نمائندوں نے ایم او یوز پر دستخط کیے۔ کیمیکل و پیٹروکیمیکل، آئرن اسٹیل و تانبے، شمسی توانائی، الیکٹرک وہیکلز کے ایم اویوز اور جوائنٹ وینچرز پر دستخط کیےگئے۔

کانفرنس سےخطاب کرتےہوئےوزیراعظم شہبازشریف کاکہناتھاکہ چین پاکستان کا مخلص اورسچا دوست ہے جو ہر مشکل گھڑی میں پاکستان کے ساتھ کھڑا ہوا ہے، زلزلہ ہو یا سیلاب، ہرمشکل میں چین پاکستان کے ساتھ کھڑا ہوا، ایسی کسی اور ملک کی مثال نہیں ملتی۔
اُن کامزیدکہناتھاکہ آج ہم سی پیک 2.0 کا آغاز کرنے جا رہے ہیں، یہ سی پیک 2.0 بی ٹو بی سرمایہ کاری پر مشتمل ہے، زراعت کا شعبہ پاکستان کی معیشت میں ریڑھ کی ہڈی کی حیثیت رکھتا ہے، چینی سرمایہ کار اپنے تجربات اور سرمایہ کاری پاکستان کے زرعی شعبہ پر صرف کریں اور زراعت کو فروغ دیں۔
وزیراعظم کا کہنا تھا کہ چین ٹیکسٹائل، چمڑے اور دیگر شعبوں کی صنعتوں کو پاکستان منتقل کرسکتا ہے، چین پاکستان کی افرادی قوت سے استفادہ کرسکتا ہے، چینی سرمایہ کاروں پر زور دیتا ہوں کہ وہ آگے بڑھیں اور ان مواقع سے فائدہ اٹھائیں۔
شہبازشریف کامزیدکہناتھاکہ الحمدﷲ پاکستان کی معیشت اب مستحکم ہے، اقتصادی اشاریے مستقبل کی مثبت پیشرفت کی نشاندہی کر رہے ہیں، قلیل المدتی، وسط مدتی اور طویل المدتی سطح پر معاشی ترقی ہوگی، چینی صدر کے پاکستان کے ساتھ تعاون کے عزم کی بدولت یہ سب ممکن ہوا ہے۔
وزیراعظم کا کہنا تھا کہ چینی بھائیوں اور بہنوں کی پاکستان میں سکیورٹی ہماری اولین ترجیح ہے، آئیں آگے بڑھیں اور معاشی منظرنامے کو تبدیل کریں، آئیں چین اور پاکستان کے عوام کی ترقی و خوشحالی کے لیے مل کر کام کریں۔

Leave a reply