پاکستان کا 78 واں یوم آزادی: قومی جذبے کے ساتھ جشن کی تیاریاں

پاکستان کا 78 واں یوم آزادی بھرپور ملی جذبے اور شان و شوکت سے منانے کی تیاریاں مکمل کرلی گئی ہیں۔ 13 اور 14 اگست کی درمیان شب جب گھڑی کی سوئیاں بارہ بجائیں گی، بھرپور آتش بازی کے ساتھ زندہ دل قوم اپنا جشن آزادی شروع کرے گی۔
14 اگست کی ا علیٰ الصبح وفاقی دارالحکومت میں 31 اور صوبائی دارالحکومتوں میں 21-21 کی توپوں کی سلامی دی جائے گی۔ دن کا آغاز وطن کی سلامتی کےلئے دعاوں سے ہوگا۔ کراچی میں مزار قائد اور لاہور میں مزار اقبال پر پروقار تقاریب منعقد ہوں گی اور مسلح افواج کے دستے اپنے مشاہیر کو سلامی پیش کریں گے۔ ملک بھر میں دفاع وطن کے عزم کے ساتھ یوم آزادی اور معرکہ حق میں تاریخی فتح کی مناسبت سے تقاریب کا انعقاد ہوگا۔ سرکاری سطح پر منعقدہ تقاریب میں صدر مملکت، وزیراعظم پاکستان ، فیلڈ مارشل اور مسلح افواج کے سربراہاں قومی پرچم لہرائیں گے اور تقاریب میں شرکت کریں گے۔ اسلام آباد میں یوم آزادی کے حوالے سے تقاریب میں دوست ممالک کے سفیر بھی شرکت کریں گے۔ ملک بھر میں اہم سرکاری اور نجی عمارتوں پر پرچم کشائی ہوگی۔ جبکہ واہگہ بارڈر پر چودہ اگست کی شام کو پرچم اتارنے اور پریڈ کی پرجوش تقریب بھی منعقد ہوگی۔
یومِ آزادی کے موقع پر اسلام آباد کے شکرپڑیاں پریڈ گراؤنڈ میں افواجِ پاکستان کی جانب سے دفاعی ساز و سامان کی خصوصی نمائش کا اہتمام کیا گیا ہے۔
پاک فضائیہ کی جانب سے شاندار فلائی پاسٹ اور پیرا جمپنگ کا مظاہرہ بھی کیا جائے گا، جو دیکھنے والوں کے جوش و جذبے میں مزید اضافہ کرے گا۔اس موقع پر مختلف ثقافتی پروگرامز، سٹالز اور فوجی بینڈز بھی اپنی پرفارمنس پیش کریں گے۔ فوجی بینڈز ملی نغموں کی دھنوں سے عوام کے جذبۂ حب الوطنی کو مزید ابھاریں گے۔
وفاقی دارالحکومت اسلام آباد سمیت ملک بھر کے چھوٹے بڑے شہروں میں 14 اگست بھرپورانداز میں منانے کی تیاریاں مکمل ہیں، دن بھر مختلف شہروں اور دیہات میں یوم آزادی کے حوالے سے ریلیاں نکالی جائیں گی، شہریوں نے اپنے گھروں کو پرچموں سے سجا دیا ہے۔صوبائی دارالحکومتوں میں وزراٗ اعلٰی اور چاروں گورنرز یوم آزادی کی تقاریب میں شریک ہوں گے جبکہ تعلیمی اداروں میں بھی طلبا و طالبات یوم آزادی کی مناسبت سے مختلف تقاریب میں شریک ہوں گے۔