پاکستان: 7 شہروں میں فائیوجی انٹرنیٹ سروس متعارف کروانے کا فیصلہ

اب انٹر نیٹ چلے گا نہیں، بلکہ دوڑ ے گا۔ پاکستان کے 7 شہروں میں تیز ترین فائیوجی انٹرنیٹ سروس متعارف کروانےکافیصلہ کرلیاگیا۔
وفاقی وزیر برائے انفارمیشن ٹیکنالوجی و ٹیلی کمیونیکیشن شزا فاطمہ خواجہ نے اعلان کیا ہے کہ پاکستان میں آئندہ چند ماہ کے دوران سات بڑے شہروں میں فائیو جی سروس متعارف کروا دی جائے گی۔
یہ اعلان انہوں نے کراچی ایکسپو سینٹر میں چھبیسویں آئی ٹی سی این ایشیا ایکسپو کی افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔
وفاقی وزیر نے اعتراف کیا کہ فائیو جی کی شروعات ایک مشکل مرحلہ ہے ،تاہم حکومت ملک بھر میں انٹرنیٹ کی رسائی کو بہتر بنانے کیلئے عملی اقدامات کر رہی ہے۔ حالیہ برسوں میں پاکستان ٹیلی کمیونیکیشن اتھارٹی نے اپنی سالانہ رپورٹ میں کہا ہے کہ بڑھتی ہوئی براڈ بینڈ استعمال کے باوجود فائیو جی میں منتقلی ایک بڑا چیلنج ہوگی۔
آئی ٹی منسٹرشزا فاطمہ کا کہنا ہےکہ جدید ٹیکنالوجی کے حصول پر بھاری مالی بوجھ ضرور ہے، لیکن حکومت کیلئے ڈیجیٹل ترقی اولین ترجیح ہے، ڈیجیٹل ترقی کو وسیع تر معاشی بہتری سے جوڑا جا رہا ہے، کیونکہ پاکستان اب ڈیفالٹ کے خدشات سے نکل چکا ہےاور عالمی سطح پر پاکستان کو ڈیجیٹل پاکستان پروگرام کے تحت سراہا گیا ہے۔















