پراگ کی منفرد ڈانس کرتی عمارت

سید راشد یزدانی
0
36

میوزک کی بِیٹ پر ڈانس کرتے لوگوں کو تو اکثر دیکھا ہوگا لیکن کیا کنکریٹ اور لوہے سے بنی کسی عمارت کو ڈانس کرتے دیکھا ہے ؟؟؟ اگر ایسا تجربہ نہیں ہوا تو ہم آپ کو اس منفرد عمارت کی سیر کراتے ہیں ۔
پراگ اپنی ثقافت کے حوالے سے پہچان رکھتاہے ۔ سنہرے ٹاورز اور سونے سے سجے مجسموں کی وجہ سے پراگ کو’’گولڈن سٹی‘‘ بھی کہا جاتا ہے۔ ہر سال موسم بہار میں منعقد ہونے والا میوزک فیسٹیول بھی دنیا میں شہرت رکھتا ہے لیکن اس شہر کی ایک اور پہچان اس کی ڈانس کرتی عمارت ہے۔


چیک جمہوریہ کے شہر پراگ میں دریا کنارے واقع ڈانسنگ ہاؤس نامی یہ عمارت اس تاریخی جگہ پر بنائی گئی ہے جہاں 1945 میں امریکی طیاروں نے بمباری کرکےرہائشی اپارٹمنٹس کو تباہ کردیا تھا ۔
اس عمارت کا تصور مشہور امریکی ڈانسرز فریڈ اسٹیئر اور جنجر راجرز کے رقص سے متاثر ہے ۔پتھر کا سیدھا ٹاور مرد ڈانسر’’فریڈ اسٹیئر‘‘ اور شیشے کا بَل کھاتا ٹاور خاتون ڈانسر جنجر راجرز کی علامت ہے۔
"رقص کرتی عمارت میں کنکریٹ کے 99 پینلز استعمال کئے گئے ہیں ، جن میں سے ہر ایک کی شکل اور لمبائی چوڑائی مختلف ہے۔ عمارت کی چوٹی پر دھات کا ایک بڑا گول ڈھانچہ ہے جسے میڈوسا کا نام دیا گیا ہے۔
عالمی شہرت یافتہ معمار ولادو میلونک اور فرینک او گیہری کے ڈیزائن کردہ اس منصوبے کی تعمیر1992 میں شروع ہوئی اور1996 میں یہ شاہکار بن کر تیار ہوا جبکہ اس منصوبے پر اُس وقت 70 لاکھ یورو یعنی 2 ارب 12 کروڑ روپے سے زائد لاگت آئی تھی۔


5ہزار 400 مربع میٹر پر محیط یہ عمارت 9 منزلوں پر مشتمل ہے جبکہ 2 منزلیں زیرزمین موجود ہیں ۔ ڈانسنگ ہاؤس کی پہلی منزل پر ڈانسنگ ہاؤس گیلری،ساتویں منزل پر ریسٹورنٹ’’جنجر اینڈ فریڈ‘‘واقع ہے۔8 ویں منزل پر گلاس بار اور عمارت کی 2 منزلوں پرہوٹل قائم کیا گیا ہے۔

Leave a reply