پشاور: خیبرپختونخوا حکومت اور وفاقی حکومت کے درمیان پہلا تنازع

0
105

پشاور: (پاکستان ٹوڈے) پشاور (ارشد عزیز ملک) خیبرپختونخوا حکومت اور وفاقی حکومت کے درمیان پہلا تنازع کھڑا ہوگیا کیونکہ وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا نے وفاقی حکومت سے موجودہ چیف سیکرٹری کو تبدیل کرنے کی درخواست کی ہے اور PAS BS-21 کے افسر شہاب علی شاہ کی بطور چیف سیکرٹری تعیناتی کی درخواست کی ہے۔

ماضی کی روایات کے برعکس علی امین نے تین ناموں کا پینل بھیجنے کے بجائے صرف ایک نام بھجوایا، حالانکہ تین میں سے کسی ایک افسر کو چیف سیکرٹری تعینات کرنا وزیراعظم کا استحقاق ہے۔وزیراعلیٰ سیکرٹریٹ پشاور نے وفاقی حکومت کو خط ارسال کر دیا ہے۔

پرنسپل سیکرٹری کی طرف سے PS/P5CM/CMS/ KPK/2024Peshawar 09ʼ کے جاری کردہ مراسلے میں کہا گیا ہے کہ مجھے یہ بتاتے ہوئے خوشی محسوس ہوتی ہے کہ وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا نے خواہش ظاہر کی ہے کہ موجودہ چیف سیکرٹری خیبر پختونخوا، گریڈ 21 کے افسر ندیم اسلم چوہدری کی خدمات جلد سے جلد خیبر پختونخواہ سے واپس لے لی جائیں۔

خط میں کہا گیا ہے کہ گریڈ 21 کے افسر شہاب علی شاہ جن کی خدمات اس وقت حکومت بلوچستان کے اختیار میں ہیں کو بطور چیف سیکرٹری خیبرپختونخوا صوبے کے بہترین مفاد میں تعینات کردیا جائے۔

موجودہ چیف سیکرٹری ندیم اسلم چوہدری نگراں حکومت کے دور میں تعینات ہوئے تھے جبکہ شہاب علی شاہ پی ٹی آئی حکومت میں ایڈیشنل چیف سیکرٹری سمیت مختلف عہدوں پر تعینات رہے ہیں۔

Leave a reply