پنجاب اپنی پہلی ایئر لائن اور پہلی بلٹ ٹرین چلانے کیلئے تیار

0
3

ترقی کی نئی بلندیوں کو چھونے کی تیاری، پنجاب کی اپنی پہلی ایئر لائن اور پہلی بلٹ ٹرین چلانے کیلئے منظوری،صوبے بھر میں چھ مزید ہائی سپیڈ ٹرین روٹس کا پلان طلب کر لیا گیا۔
پاکستان کی پہلی صوبائی ایئر لائن ایئر پنجاب اور ملک کی پہلی بلٹ ٹرین منصوبوں کی اصولی منظوری دیدی گئی۔پنجاب حکومت کےاجلاس میں ایئر پنجاب کے منصوبے کو پیش کیا گیا، جسے وزیراعلیٰ نے فوری طور پر منظور کرتے ہوئے ہدایت جاری کی کہ ابتدائی مرحلے میں چار جدید ایئربس طیارے لیز پر حاصل کیے جائیں۔
ایئر پنجاب اندرون ملک ڈومیسٹک پروازوں کا آغاز کرے گی اور ایک سال کے اندر بیرون ملک پروازوں کی راہ ہموار ہو گی۔ایئر پنجاب کو ملک کی بہترین ایئر لائن بنانے کیلئے ہر ممکن انتظامات کیے جائیں گے۔
اجلاس میں لاہور سے راولپنڈی تک پہلی بلٹ ٹرین چلانے کی بھی اصولی منظوری دی گئی۔ پاکستان ریلوے کے اشتراک سے چلنے والی اس بلٹ ٹرین سے لاہور تا راولپنڈی سفر کا دورانیہ محض اڑھائی گھنٹے رہ جائے گا، جو نا صرف پاکستان بلکہ پورے خطے میں ایک نئی تاریخ رقم کرے گا۔
اجلاس میں پنجاب بھر میں چھ مزید ہائی سپیڈ ٹرین روٹس کا پلان بھی طلب کیا گیا، جن میں لاہور سے نارووال، رائیونڈ، قصور، پاکپتن، لودھراں، قلعہ شیخوپورہ، جڑانوالہ، شورکوٹ، جھنگ، سرگودھا، لالہ موسیٰ اور فیصل آباد سے مختلف شہروں کو جوڑنے والی تیز رفتار ٹرینیں شامل ہوں گی۔

Leave a reply