پی ایچ ایف کے صدرنےعہدے سے استعفیٰ دیدیا

0
4

پاکستان ہاکی فیڈریشن (پی ایچ ایف) کے صدر طارق بگٹی نے عہدے سے استعفیٰ دے دیا۔
لاہورمیں پریس کانفرنس کرتےہوئے صدرپی ایچ ایف طارق بگٹی نے اعلان کیا کہ انہوں نے اپنا استعفیٰ وزیر اعظم کو بھجوا دیا ہے۔ اور کپتان عماد بٹ پر 2 سال کی پابندی لگادی ہے، وہ اس عرصے میں ڈومیسٹک اور انٹرنیشنل کہیں نہیں کھیلیں گے۔
طارق بگٹی نے آسٹریلیا میں پاکستان ہاکی ٹیم کے ساتھ پیش آنے والے بدانتظامی کے واقعے پر ردِعمل دیتے ہوئے کہا ہے کہ اس معاملے کی شفاف تحقیقات ہونی چاہئیں۔
انہوں نے وزیراعظم اور فیلڈ مارشل سے اپیل کی کہ ایک بااختیار کمیٹی تشکیل دی جائے جو واقعے کی مکمل چھان بین کرے۔ ان کا کہنا تھا کہ FIH Pro League کے دوران ہونے والی بے ضابطگیوں میں جو بھی ذمہ دار پایا جائے، اسے قانون کے مطابق سزا دی جائے۔
طارق بگٹی نے زور دیا کہ قومی ٹیم کے وقار اور ملک کی ساکھ کے تحفظ کے لیے ایسے معاملات میں سخت اور واضح اقدامات ناگزیر ہیں۔
ان کا کہنا تھا کہ پی ایس بی کی وجہ سے دورہ آسٹریلیا میں مسائل کا سامنا کرنا پڑا اور ہاکی فیڈریشن کے پاس اتنے فنڈز نہیں تھے کہ وہ اس وقت وہاں سب مینج کرتے، آسٹریلیا میں ہوٹل بکنگ کے لیے پاکستان اسپورٹس بورڈ نے رقم وقت پر ادا نہیں کی، پی ایس بی میں خود گیا کہ ہمارے پیسے بھیج دو مگروہ کہتے ہیں کہ دو ماہ لگیں گے۔
طارق بگٹی نے مزید کہا کہ پورا شیڈول رانا مجاہد نے اسپورٹس بورڈ کے سامنے رکھا ہے اور ہم جس کوالیفائی راؤنڈ کے لیے جا رہے ہیں، ٹیم اچھا پرفارم کرے گی، ہماری ورلڈ رینکنگ 18 ویں تھی اب 13 ویں پوزیشن ہے جو ہماری اچیومنٹ ہے، میں فلیڈ مارشل کا شکریہ ادا کرتا ہوں انہوں نے ہمیں بہت سپورٹ کیا جب کہ وزیراعظم کا شکر گزار ہوں انہوں نے 2 سال مجھے موقع دیا، وزیراعظم نے ہاکی کے لیے 25 کروڑ رکھے اور ریلیز کیے۔
دوسری جانب وزیر اعظم کے مشیر رانا ثنا اللہ نے کہا ہےکہ پاکستان اسپورٹس بورڈ نے انکوائری مکمل کرلی ہے اور 3 رکنی کمیٹی نے انکوائری رپورٹ تیار کی ہے جسے وزیر اعظم آفس بھیج دیا گیا ہے۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ رپورٹ میں کئی مالی معاملات کا ذکر کیا گیا ہے اور اس انکوائری رپورٹ میں پاکستان ہاکی فیڈریشن کو قصور وار ٹھہرایا گیا ہے۔

Leave a reply