پی ٹی آئی کااحتجاج،حکومت نےتیاریاں مکمل کرلیں

0
17

تحریک انصاف کےاحتجاج کےلئےملک بھرسےقافلےاسلام آبادکی جانب رواں دواں ،حکومت نےاحتجاج سےنمٹنےکےلئےتیاریاں مکمل کرلیں۔
کپتان کی 24نومبر کو احتجاج کی کال پرملک بھر سے کپتان کے کھلاڑی چل پڑے،بلوچستان،سندھ،گلگت بلتستان،آزادکشمیراورپنجاب سے تحریک انصاف کے قافلے ٹرینوں اورپبلک ٹرانسپورٹ کے ذریعے اسلام آباد کی جانب رواں دواں ہیں۔
عمران خان نے کارکنوں کو جمعہ کی رات کو نکلنے کی ہدایت کی تھی ۔حکومت نے بھی تحریک انصاف کے احتجاج سے نمٹنے کیلئے مکمل تیاری کرلی۔ اسلام آباد میں ڈی چوک جانے والے راستے اور ریڈ زون پہلے ہی سیل کردیے گئے تھے، شہرمیں امن و امان قائم رکھنے کیلئے رینجرز اور ایف سی بھی تعینات کی جا رہی ہے۔اسلام آباد میں ریڈ زون اور ڈی چوک کوکنٹینرز کی دیوار بنا کرسیل کردیاگیا۔اسلام آباد اور راولپنڈی میں کنٹینرز کا جال بچھ گیا،سکولز،تعلیمی ادارےاوردفاتر بندکردیےگئے،شہری گھروں میں محصور ہو کر رہ گئے۔اسلام آباد اور راولپنڈی میں پولیس نے تمام ہوٹل بھی خالی کروائے۔جڑواں شہرو ں میں میٹروبس سروس بھی تاحکم ثانی بند کردی گئی ۔
پی ٹی آئی کے احتجاج کے پیش نظر امن و امان کو برقرار رکھنے کے لیے موٹروے ایم ون پشاور تا اسلام آباد، موٹروے ایم 2 لاہور تا اسلام آباد، جی ٹی روڈ اور اسلام آباد کے تمام ٹرانسپورٹ اڈوں کو بند کرنے کا حکم دیا گیا ہے۔اسلام آباد میں داخل ہونے والے تمام راستے سیل کردیئے گئے۔اسلام آباد پولیس کی جانب سے شہر کے مختلف علاقوں میں سرچ آپریشن بھی جاری ہے، گیسٹ ہاؤس اور ہوٹلوں کی چیکنگ کی جار ہی ہے جبکہ ہوٹلوں میں رہائش پذیرلوگوں کا ڈیٹا چیک کیا جا رہا ہے جس دوران کئی مشتبہ افراد کو حراست میں بھی لیا گیا ہے۔پولیس نے ہوسٹلز بھی خالی کروالئے۔
پنجاب کے دیگرشہروں کے داخلی اورخارجی راستوں کو بھی بند کردیاگیا۔پولیس نے کنٹینرز اور گاڑیوں کی پکڑ دھکڑ بھی شروع کردی ۔پولیس کی جانب سے بس اڈوں کے مالکان کو تحریک انصاف کو گاڑیاں دینےسےمنع کردیاگیا۔خلاف ورزی پر سخت قانونی کارروائی کی وارننگ دی گئی ہے ۔ پنجاب اور بلوچستان کی حکومتوں کی جانب سے اپنے صوبے میں دفعہ 144 نافذ کردی گئی ہے جس کے بعد 4 سے زائد افراد کے اجتماع پر پابندی ہوگی۔
ادھر لاہور میں رنگ روڈ کو دو دن 23 اور 24 نومبر کیلئے بند کرنے کا فیصلہ کیا گیاہے، ٹھوکر نیاز بیگ پر بھی کنٹینرز لگا کر موٹروے پر جانے والی ٹریفک روک دی گئی ہے جبکہ جی ٹی روڈ اور ملحقہ سڑکوں پر بھی ٹریفک سست روی کا شکارہے۔24 نومبر کو پی ٹی آئی کے ممکنہ احتجاج کے پیش نظر اڈیالہ جیل جانے والے راستے پر رکاوٹیں کھڑی کر دی گئیں۔
واضح رہے کہ اسلام آباد ہائیکورٹ نے تحریک انصاف کااحتجاج روکنے کے احکامات دیئے تھے اور ساتھ حکومت کو تحریک انصاف کے ساتھ احتجاج کے حوالے سے مذاکرات کرنے کی بھی ہدایت کی تھی مگر عدالت کے کسی احکامات پرعملدرآمد نہ ہو سکا ۔
پی ٹی آئی ذرائع کے مطابق خیبرپختونخواسے علی امین گنڈاپور بڑے قافلے کی قیادت کرتے ہوئے اسلام آباد پہنچیں گے۔

Leave a reply