چیمپئنزٹرافی:پاکستان کےمؤقف پرآئی سی سی کی پریشانیوں میں اضافہ

0
13

پاکستان کرکٹ بورڈ(پی سی بی)کےسخت مؤقف نے انٹرنیشنل کرکٹ کونسل(آئی سی سی) کی پریشانیوں میں بھی اضافہ کردیا ہے۔
ذرائع کےمطابق بھارت کی جانب سےچیمپئنزٹرافی کےایونٹ میں پاکستان آنےسےانکاراورپھربھارتی میڈیاکی طرف سےہائبرڈماڈل میں کھیلنےکی باتوں پرپاکستان کرکٹ بورڈ نےآئی سی سی کواپنےمؤقف سےخط لکھ کرآگاہ کردیا۔
ذرائع کا بتانا ہے کہ اس حوالے سے پاکستان نے تمام اسٹیک ہولڈرز کو اپنا مؤقف پہنچا دیا ہے، پاکستان کے سخت مؤقف نے انٹرنیشنل کرکٹ کونسل کی پریشانیوں میں بھی اضافہ کردیا ہے۔
ذرائع کے مطابق مالی معاملات میں نقصان کے اندیشے کی وجہ سے آئی سی سی بحرانی صورتحال سے دوچار ہے اور حالیہ ڈیڈ لاک کی وجہ سے چیمپئنز ٹرافی کے شیڈول کا اعلان نہیں کیا جاسکا ہے۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ آئی سی سی نے 100 ڈیز ٹو گو کے موقع پر چیمپئنز ٹرافی کے شیڈول کا اعلان کرنے کا پروگرام بنایا ہے، آئی سی سی کو ایونٹ سے 90 روز پہلے ہر صورت میں شیڈول کا اعلان کرنا ہے، 20 نومبر تک اعلان نہ کرنے کی صورت میں آئی سی سی کو قانونی چارہ جوئی کا سامنا کرنا پڑ سکتا ہے۔
ذرائع کے مطابق کمرشل پارٹنرز کو ایونٹ سے قبل کم از کم اتنا وقت درکار ہوتا ہے اور انہیں شیڈول کے مطابق اپنی مارکیٹنگ کرنا ہوتی ہے۔
ذرائع نے بتایا کہ آئی سی سی کے لیے پاکستان اور بھارت کے بغیر ٹورنامنٹ کا انعقاد کرنا ممکن نہیں اور ایسا کیا گیا تو آئی سی سی کو شدید مالی نقصان ہو گا جب کہ پاکستان سے اگر ایونٹ شفٹ کیا گیا تو پاکستان قانونی چارہ جوئی کا حق استعمال کرے گا۔
واضح رہے کہ بھارت نے پاکستان میں ہونے والی چیمپئنز ٹرافی کے لیے اپنی کرکٹ ٹیم بھیجنے سے انکار کردیا ہے۔
یادرہےکہ آئندہ سال 2025میں فروری سےمارچ تک پاکستان میں چیمپئنز ٹرافی کاایونٹ ہوناتھاجس پراب آئی سی سی بھی کشمکش کاشکارہے۔

Leave a reply