چین نے تبت میں دنیا کا پہلا سپر ڈیم تعمیر کرنے کا اعلان کردیا

0
9

چین نے تبت میں دنیا کا پہلا سپر ڈیم تعمیر کرنے کا اعلان کردیا،یہ ڈیم دنیا کے سب سے بڑے تھری گورجز ڈیم سے کتنے گنا زیادہ توانائی فراہم کرے گا؟حیرا ن کن اور دنگ کر دینے والی تفصیلات سامنے آ گئیں۔
چین اکثر اپنی تعمیرات سے دنیا کو حیران کردیتا ہے ،مگر اب وہ جس منصوبے پر کام کرنیوالا ہے ، جس کی تاحال کوئی مثال نہیں۔چین نے دنیا کے سب سے بڑے سپر ڈیم کی تعمیر کی منظوری دیدی ہے، جو چین میں ہی موجود اس وقت دنیا کے سب سے بڑے تھری گورجز ڈیم سے 3 گنا زیادہ توانائی فراہم کرسکے گا۔
یہ سپر ڈیم تبت میں دریائے یارلنگ سانگبو پر تعمیر کیا جائے گا۔اس ڈیم کی تعمیر پر 137 ارب ڈالرز خرچ آنے کا تخمینہ لگایا گیا ہے، جوزمین کا سب سے مہنگا تعمیراتی منصوبہ یا انفرا سٹرکچر پراجیکٹ ثابت ہوگا۔
چین کی جانب سے ڈیم کو اس جگہ تعمیر کیا جائے گا جہاں بارش بہت زیادہ ہوتی ہے۔اس منصوبے کے مکمل ہونے پر توقع ہے کہ سالانہ 300 ارب کلو واٹ گھنٹے کے قریب بجلی پیدا ہوسکے گی، اس کے مقابلے میں تھری گورجز ڈیم سے سالانہ 88.2 کلو واٹ گھنٹے بجلی پیدا ہوتی ہے۔نئے ڈیم سے حاصل ہونیوالی بجلی 30 کروڑ سے زائد افراد کی سالانہ ضروریات کیلئے کافی ہوگی۔
ڈیم کا یہ منصوبہ سب سے پہلے 2021 کے 5 سالہ منصوبے میں سامنے آیا تھا، جب اسے سپر ڈیم قرار دیا گیا تھا اور اب اس کی تعمیر کی باقاعدہ منظوری دی گئی ہے۔
رپورٹ کے مطابق اس ڈیم سے سولر اور ونڈ انرجی ذرائع کو بھی فائدہ ہوگا اور خطے میں ماحول دوست توانائی عام ہوگی۔البتہ رپورٹ میں یہ نہیں بتایا کہ اس ڈیم کی تعمیر کب سے شروع ہوگی؟اور نہ ہی ڈیم کے درست مقام کو ظاہر کیا گیا ہے، تاہم اتنے بڑے پراجیکٹ کی تعمیر تکنیکی اور دیگر لحاظ سے ماہرین ِ تعمیرات کیلئے بلاشبہ چیلنجز سے بھرپور ہوگی۔

Leave a reply