ڈاکٹر عافیہ صدیقی کیس کا نیا بینچ بھی تحلیل، لارجر بینچ کی تشکیل کا فیصلہ

0
2

اسلام آباد ہائیکورٹ میں ڈاکٹر عافیہ صدیقی کیس کی سماعت کے لیے بننے والا نیا بینچ بھی تحلیل ہو گیا۔
جسٹس انعام امین منہاس نے ڈاکٹر فوزیہ صدیقی کی جانب سے دائر کردہ درخواست پر سماعت کی، جس میں انہوں نے اپنی بہن ڈاکٹر عافیہ صدیقی کی صحت اور وطن واپسی سے متعلق اقدامات کا مطالبہ کیا تھا۔اُن کی طرف سےوکیل عمران شفیق عدالت میں پیش ہوئے۔
سماعت کے دوران جسٹس انعام منہاس نے ریمارکس دیے کہ وہ اس کیس کو سنگل بینچ کے طور پر نہیں سن سکتے اور معاملے کو لارجر بینچ کے لیے چیف جسٹس کو بھیج رہے ہیں۔
یاد رہے کہ اس سے قبل جسٹس سردار اعجاز اسحاق نے اسی کیس میں عدالتی حکم عدولی پر وزیراعظم اور کابینہ کو توہین عدالت کے نوٹس جاری کیے تھے، جس کے بعد کیس ان کی عدالت سے منتقل ہو کر جسٹس انعام منہاس کے پاس آیا تھا۔
سماعت کے دوران وکیل عمران شفیق نے کہا کہ یہ معاملہ پیچیدہ ہو چکا ہے، جس پر جسٹس انعام منہاس نے کہا کہ یہ پیچیدہ نہیں، مسئلہ صرف ماسٹر آف روسٹر کے تعین کا ہے۔
عدالت نے کہا کہ ایک رائے یہ ہے کہ چیف جسٹس ہی ماسٹر آف روسٹر ہیں، جبکہ ایک اور عدالتی رائے اس سے مختلف ہے۔ چونکہ اس حوالے سے متضاد آرا موجود ہیں، اس لیے یہ معاملہ لارجر بینچ کے سپرد کیا جا رہا ہے تاکہ فیصلہ ہو سکے کہ ماسٹر آف روسٹرکون ہے۔
بعدازاں عدالت نے چیف جسٹس کے ماسٹر آف روسٹر ہونے کے نکتے پر لارجر بینچ کی تشکیل کا فیصلہ کر لیا۔

Leave a reply