کراچی:مختلف علاقوں میں بارش،جل تھل ایک ہوگیا

0
38

کراچی کےمختلف علاقوں میں اعلیٰ الصبح بارش سےجل تھل ایک ہوگیاموسلادھاربارش کےباعث نشیبی علاقےزیرآب آگئے۔
آئی آئی چندریگر روڈ، صدر، برنس روڈ، ڈیفنس ویو، محمودآباد اور اختر کالونی سمیت مختلف علاقوں میں تیزہواؤں کےساتھ بارش ہوئی۔
محکمہ موسمیات کے مطابق بدین، ٹھٹہ، سجاول، حیدرآباد، ٹنڈو محمدخان اور دیگر اضلاع میں تیز ہواؤں کا امکان ہے، 80 کلومیٹر فی گھنٹہ کی رفتار سے ہواؤں کے جھکڑ چل سکتے ہیں۔
محکمہ موسمیات نے خبردار کیا کہ طوفان کے دوران سمندر میں شدید طغیانی رہ سکتی ہے۔
سمندری طوفان کے پیش نظر ماہی گیروں پر 31 اگست تک گہرے سمندر میں جانے پر پابندی عائد کردی گئی جبکہ بلوچستان کے ماہی گیروں کو یکم ستمبر تک گہرے سمندر میں نہ جانے کی ہدایت کی گئی ہے۔یکم ستمبرتک بلوچستان کے مختلف اضلاع میں تیز ہواوں اور گرج چمک کے ساتھ بارش کا امکان ظاہر کیا گیا ہے۔
واضح رہےکہ محکمہ موسمیات کے جاری کردہ چھٹے الرٹ کے مطابق سمندری طوفان سندھ کی ساحلی پٹی سے دور مغرب کی جانب بڑھ رہا ہے جس کے زیر اثر آئندہ 48 گھنٹوں کے دوران بلوچستان میں تیز ہوا اور گرج چمک کے ساتھ بارش کا امکان ہے جبکہ کراچی سمیت ٹھٹھہ ،بدین اورسجاول میں ہلکی بارش اور بوندا کا سلسلہ آج رات تک وقفے وقفے سے جاری رہے گا ۔
محکمہ موسمیات نے کراچی میں گزشتہ چوبیس گھنٹوں کے دوران ہونے والی بارش کے اعداد و شمار جاری کردیئے کراچی میں سب سے زیادہ بارش قائد آباد میں 39 ملی میٹر ریکارڈکی گئی۔
گزشتہ چوبیس گھنٹوں کے دوران سندھ کے مختلف شہروں میں بارش کے اعداد و شمار سندھ میں سب سے زیادہ بارش دادو میں 24 ملی میٹر ریکارڈ، سکھر23 ،روہڑی 22 ،اسلام کوٹ 20 اور مونجوداڑو میں 19 ملی میٹر بارش ہوئی، لاڑکانہ 18 ،خیرپور 17 جبکہ کراچی میں مجموعی طور پر 12.4 ملی میٹر بارش ہوئی۔ حیدر آباد میں 3 جبکہ ٹھٹھہ اور بدین میں 2 ملی میٹر بارش ہوئی،جیکب آباد میں 1 ملی میٹر بارش ریکارڈ کی گئی۔
محکمہ موسمیات کےمطابق کراچی میں بارش کے بعد رات کے درجہ حرارت سےپانچ سالہ ریکارڈ ٹوٹ گیا کراچی میں 2019 کے بعد ماہ اگست کی سرد ترین رات تھی، شہر قائد میں گزشتہ رات کم سے کم درجہ حرارت 23.5 ڈگری ریکارڈ ہوا ، 2019 سے قبل 1984 میں ماہ اگست میں کم سے کم درجہ حرارت 20 ڈگری ریکارڈ ہوا تھا ۔

Leave a reply